پاکستان نیول اکیڈمی میں 122ویں مڈ شپ مین اور 30ویں شارٹ سروس کورس کی کمیشننگ پریڈ منعقد

کراچی 4 جنوری(پی پی آئی)  122ویں مڈشپ مین اور 30ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی کمیشننگ پریڈ کا پاکستان نیول اکیڈمی میں انعقاد کیا گیا، جس میں 49 مڈشپ مین اور 29 ایس ایس سی کیڈٹس فارغ التحصیل ہوئے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز نیوی کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے مہمانِ خصوصی کی آمد پر ان کا استقبال کیا۔ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے کامیابی سے ٹریننگ مکمل کرنے پر کمیشنگ ٹرم اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے معیاری تربیت فراہم کرنے پر پاکستان نیول اکیڈمی کی تعریف کی اور اس اْمید کا اظہار کیا کہ پاکستان نیول اکیڈمی میں تربیت یافتہ دوست ممالک کے کیڈٹس مضبوط تعلقات کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔ چیف آف دی ایئر سٹاف نے جدید رجحانات، ٹیکنالوجیز اور بدلتے ہوئے جیو اسٹرٹیجک حالات سے ہم آہنگ رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کمیشننگ کورس کونصیحت کی کہ آج کے جدید اور انفارمیشن پر مبنی دور میں صرف قابل رہنما ہی ابھرتے ہوئے چیلنجز سے مؤثر طریقے سے نمٹ سکتے ہیں۔قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطاب میں کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور تصوراقبال نے اکیڈمی میں کیڈٹس کی تعلیمی اور  پیشہ وارانہ تربیت کے نمایاں خدوخال پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں مہمانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔ لیفٹیننٹ محمد عماد الدین کو مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر قائداعظم گولڈ میڈل دیا گیا۔ سری لنکا سے تعلق رکھنے والے مڈشپ مین ویمکتھی تھیناکون نے اعزازی شمشیر جبکہ مڈشپ مین محمد شایان نے اکیڈمی ڈرک حاصل کی۔ آفیسر کیڈٹ عبدالرحمان کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی گولڈ میڈل اور عراق سے تعلق رکھنے والے آفیسر کیڈٹ علی جلیل ابراہیم شریف شعیب الشبانی کو چیف آف دی نیول اسٹاف گولڈ میڈل دیا گیا- شارٹ سروس کمیشن کورس سے آفیسر کیڈٹ سدرہ سعید کو کمانڈنٹ گولڈ میڈل سے نوازا گیا اور پرافیشنسی بینر فوکسل سکواڈرن کو عطا کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Next Post

مسلم لیگ(ن)، پی پی صرف اپنی کرپشن کی اڑان بند کر دیں پاکستانی معیشت ٹیک آف کر جائیگی، مسرت چیمہ

Sun Jan 5 , 2025
لاہور(پی پی آئی)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے آج کہا ہے کہ دہائیوں سے حکومتیں کرنے والی مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی صرف اپنی کرپشن کی اڑان بند کر دیں تو پاکستان کی معیشت ٹیک آف کر جائے گی۔ ایک بیان مین  انہونے کہا کے  جعلی حکمرانوں کے دعوؤں سے  نہ مہنگائی کم ہو گی […]