اسلام آباد 7 جنوری(پی پی آئی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے ذمے رواں ماہ میں واجب الادا دو ارب ڈالر کی ادائیگی میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔منگل کو اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان نے رحیم یار خان میں بالمشافہ ملاقات کے دوران بخوشی ان کو اس فیصلے سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر کے ساتھ ان کی ملاقات دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر مرکوز رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے یقین دلایا کہ ان کا ملک اس سلسلے میں کوئی فروگزاشت نہیں کرے گا۔