کراچی 10جنوری(پی پی آئی) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ضلع وسطی کے جن ٹاؤنز نے روڈ کٹنگ کی اجازت دی یا سڑکیں کاٹیں ہیں ان کے خلاف اینٹی کرپشن سے رجوع کیا جائے گا، کروڑوں روپے لاگت سے بنائی گئی سڑکوں کو کھود دیا جاتا ہے، لوگوں کے گھروں میں گیس نہیں آرہی پھر بھی گیس کی لائنیں ڈالنے کے لئے سڑکیں کاٹی جا رہی ہیں جسے برداشت نہیں کیا جاسکتا، ہفتے کو ملیر ایکسپریس وے کے پہلے فیز کا باقاعدہ افتتاح ہوگا جو لوگ اس پر سفر کریں گے انہیں پتہ چل جائے گا کہ کون شہر میں کام کرتا ہے اور کون صرف باتیں کرتا ہے، باغ جناح فریئر ہال میں سالانہ فلاور شو میں ایک لاکھ سے زائد میری گولڈ اور پوٹونیا کے پھول نمائش میں رکھے گئے ہیں، کراچی کو پھولوں کے لئے نہیں جانا جاتا لیکن ہم کوشش کر رہے ہیں کہ یہ پھولوں کا شہر بھی بنے، یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز باغ جناح فریئر ہال میں بلدیہ عظمیٰ کراچی محکمہ پارکس اینڈ ہارٹی کلچر کے زیر اہتمام پانچویں سالانہ فلاور شو کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، ڈائریکٹر جنرل پارکس اخلاق خان یوسف زئی اور دیگر افسران و منتخب نمائندے بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آج یہاں پھولوں کی نمائش کے موقع پر سٹی کونسل کے اراکین میرے ساتھ موجود ہیں جن کا ہر زبان، رنگ و نسل اور کراچی کے ہر ضلع سے تعلق ہے، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم تفریق اور تعصب کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے بلکہ شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہاکہ کراچی میں جاری ترقیاتی سفر بھرپور انداز میں آگے بڑھ رہاہے، ملیر ایکسپریس وے کے پہلے فیز کے افتتاح کے بعد مارچ تک دوسرا فیز مکمل ہوگا اور دسمبر 2025ء میں اس پروجیکٹ کو سپر ہائی وے کے قریب کاٹھور کے مقام تک لے جا کر مکمل کردیا جائے گا جس سے کراچی میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے اور اندرون شہر ٹریفک کی روانی ممکن بنانے میں خاطر خواہ مدد ملے گی، انہوں نے کہا کہ ضلع وسطی میں جتنا معیاری ترقیاتی کام ہوا ہے اتنا کسی دوسرے ضلع میں نہیں ہوا، عام آدمی کو سہولیات فراہم کرنا ہے ہمارا اصل ہدف ہے اور اس کے حصول کے لئے ہر سطح پر پاکستان پیپلزپارٹی کے نمائندے اور کارکنان محنت کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی کے بنیادی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ شہر کے پارکس کو بھی بہتر اور جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے، اس کے ساتھ کھلے مقامات پر شجر کاری کے انتظام اور اربن فاریسٹ بنانے پر بھی کام ہو رہا ہے، کراچی کی سڑکوں اور شاہراہوں کو خوبصورت اور سرسبز و شاداب بنانے کے لئے مختلف اداروں کے تعاون سے کام کو آگے بڑھایا ہے اور آج یہاں پھولوں کی نمائش بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، یہ نمائش اگلے تین روز تک جاری رہے گی