کراچی6فروری (پی پی آئی)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا نے بے قابو ڈمپرکے حادثے میں ہونے والی ہلاکتوں پر دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دن کے اوقات میں ہیوی ڈمپرز شہر بھر میں دندناتے پھرتے ہیں۔ ٹریفک پولیس و پولیس محض تماشائی بن چکی ہے۔ فوری نوٹس نہ لیا گیا تو کراچی ایک بار پھر خونی فسادات کی آگ میں جل سکتا ہے۔ حکمران کراچی کو وینٹیلیٹر پر ڈال کر بھول گئے ہیں۔ کم از کم چیک تو کر لیں کہ کراچی اب بھی زندہ ہے یا نہیں؟ شہر قائد ڈاکوؤں اور جان لیوا ڈمپروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیاہے۔ اتنے مسائل پورے ملک میں نہیں جتنے کراچی میں ہیں۔ مجرم ذہنیت لوگ کراچی کو گدھ کی طرح نوچ رہے ہیں اور حکمران تماشا دیکھ رہے ہیں۔ ڈمپرز پر دن کے اوقات میں چلنے پر پابندی کیوں نہیں لگائی جاتی؟ کیا کراچی کو لاوارث شہر قرار دے دیا گیا ہے؟ لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد میں قوانین کا نفاذ ممکن ہے تو کراچی میں کیوں نہیں؟ کراچی کو خونی فسادات کی سازش میں دھکیلا جا رہا ہے۔ گذشتہ روز ہونے والے خونی واقعہ کی ایف آئی آر، لاقانونیت کے ذمہ داروں میئر، کمشنر، آٹھ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، آئی جی صاحبان، ہوم سیکرٹری، وزیر اعلیٰ، گورنر اور ڈمپرز ایسوسی ایشن وغیرہ سب کے خلاف درج کی جائے۔ اور کتنی قیمتی جانیں ضائع ہوں گی تب ان ہیوی گاڑیوں کو لگام دی جائے گی؟ ابھی شہریوں کی لوٹ مار، چھینا جھپٹی اور قتل و غارت گری سے جان نہیں چھوٹی تھی کہ اب سڑکوں پر سفر کرنے والے ٹرکس، ڈمپرز اور ٹرالرز موت بانٹنے لگے ہیں۔پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کراچی کی رونقیں واپس لانے میں ناکام ہو چکی ہیں۔ بار بار آزمائے ہووں کی باریاں جاری رکھنے سے کراچی کی مشکلات ختم نہیں ہوسکتیں۔ کراچی بچانے کے لئے نئی قیادت ابھارنی ہوگی۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پی ڈی پی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والانے مزید کہا کہ کراچی میں ڈمپر، ٹرک اور ٹرالر ڈرائیورز کی بے قابو ڈرائیونگ معصوم شہریوں کی موت کا باعث بن رہی ہے۔ بڑے شہروں کی طرح کراچی میں بھی بھاری گاڑیوں کے داخلے اور نقل و حرکت کے لیے مخصوص اوقات مقرر کیے جائیں۔ ٹریفک پولیس کو سخت کارروائی کا اختیار دیا جائے۔ خلاف ورزی پر بھاری جرمانے اور لائسنس معطلی جیسے اقدامات کیے جائیں۔ ہیوی ٹریفک کے لئے شہر میں مخصوص سڑکیں یا الگ لین مختص کی جائیں
Next Post
ماسٹر پلان کے تحت جوڑیا بازار، کپڑا مارکیٹ میں سڑکوں اور سیوریج کی بحالی کی جائے گی: مرتضیٰ وہاب
Thu Feb 6 , 2025
کراچی6فروری (پی پی آئی)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اعلان کیا ہے کہ جوڑیا بازار اور کپڑا مارکیٹ میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی اور سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے لیے ماسٹر پلان تیار کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے میں روایتی سڑک سازی کے ساتھ ساتھ اعلیٰ معیار کے پیورز […]
