گھوٹکی22فروری (پی پی آئی) محکمہ اسپورٹس حکومت سندھ کی جانب سے گھوٹکی میں تین روزہ دیہی خواتین اور بوائز کے لئے اسپورٹس فیسٹول کا آغاز ہوگیا۔ وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے فیسٹول کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ سندھ میں کرکٹ کا ٹیلنٹ موجود ہے۔سردار محمد بخش مہر نے ملک بھر میں پی ایس ایل کے میچز کے انعقاد کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی خواتین کھیلوں میں نمایاں مقام رکھتی ہیں۔وزیر کھیل نے مزید کہا کہ سندھ حکومت دیہی علاقوں میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ فیسٹول میں ہاکی، کرکٹ، فٹبال، ملاکھڑہ، تائیکواڈو، کوڈی کوڈی، تھرو بال اور دیگر کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔گھوٹکی اسپورٹس فیسٹول 24 فروری تک جاری رہے گا، جس میں دو ہزار سے زائد خواتین اور مرد کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔ افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر اسپورٹس سندھ امداد علی ابڑو، ڈپٹی کمشنر گھوٹکی اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔