کراچی،13مارچ (پی پی آئی) ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے طلبہ و فیکلٹی نے حالیہ دہشت گرد حملے کی مذمت اور افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالیں۔ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی کی ہدایت پر یہ ریلیاں نکالی گئیں۔ جعفر ایکسپریس پر بلوچستان لبریشن آرمی کے حالیہ دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے، معصوم یرغمال شہریوں کی رہائی اور دہشت گردوں کے خلاف افواج پاکستان کی کارروائی کو سراہا گیا۔ریلیوں کا انعقاد ڈاؤ میڈیکل کالج اور اوجھا کیمپس میں کیا گیا۔ ڈاؤ میڈیکل کالج کی ریلی کی قیادت پرووائس چانسلر پروفیسر نازلی حسین نے کی جبکہ اوجھا کیمپس کی ریلی کی قیادت پرووائس چانسلر پروفیسر جہاں آرا حسن نے کی۔ڈی ایم سی کی ریلی میں پروفیسر صبا سہیل اور ڈاکٹر شمائلہ خالد بھی موجود تھیں، جبکہ اوجھا کیمپس میں پروفیسر رملہ ناز اور پروفیسر سنبل شمیم نے شرکت کی۔ ریلیوں میں طلبہ اور اسٹاف کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ریلی کے دوران پاکستان زندہ باد اور دہشت گردی مردہ باد کے نعرے لگتے رہے۔ پروفیسر نازلی حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے اور یہ ہمارے ملک کے امن و استحکام کو متاثر کرتا ہے۔پروفیسر جہاں آرا حسن نے اوجھا کیمپس میں کہا کہ دہشت گردی کی ہر شکل کی مذمت کرتے ہیں۔ ریلی میں شریک طلبہ نے مختلف پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر “پاکستان زندہ باد”، “ہم پاکستان کے محافظوں کے ساتھ ہیں ” جیسے نعرے درج تھے۔طلبہ نے کہا کہ وہ ہر وقت اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور ایک پرامن و خوشحال پاکستان کے لیے پر عزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری افواج ہمارے ملک کی شان ہیں۔
Next Post
شہر قائد میں مختلف حادثات و واقعات کے دوران4 افراد جاں بحق
Thu Mar 13 , 2025
کراچی،13مارچ (پی پی آئی)کراچی کے مختلف علاقوں میں حادثات و واقعات میں چار افراد جان کی بازی ہار گئے۔جمشید روڈ پر فتح حلوائی سے متصل بہار کالونی میں دوران جھگڑا ایک شخص کو چھری کے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔ مقتول کی شناخت 25/26 سالہ فیضان کے نام […]
