اسلام آباد، 19اپریل (پی پی آئی)ملک کے متعدد علاقوں میں ہفتہ کی رات سے 20 اپریل تک آندھی اور ژالہ باری کے باعث کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور خطہ پوٹھو ہار میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اتوار کے روز کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا کے بعض مقامات پر تیز بارش اورژالہ باری کی توقع کی جا رہی ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، شمالی و مشرقی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا کے پٹن میں 36 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ گلگت بلتستان کے سکردو میں 41 ملی میٹر بارش ہوئی۔ ہفتہ کے دن ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں جیکب آباد 45 ڈگری سینٹی گریڈ پر رہا۔ اتوار کے روز اسلام آباد اور گردونواح میں جزوی ابرآلود مطلع کے علاوہ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔بلوچستان اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں اتوار کے روز موسم گرم اور خشک رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ پنجاب کے مری، گلیات، راولپنڈی سمیت چند مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں چترال، دیر، سوات، کوہستان سمیت مختلف علاقوں میں آندھی اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
Next Post
غلام مرتضیٰ جتوئی کی باگڑجی پولیس تھانہ پر درج مقدمہ میں مستقل ضمانت منظور
Sat Apr 19 , 2025
نوشہرو فیروز،19اپریل (پی پی آئی) نیشنل پیپلز پارٹی کے سربراہ غلام مرتضیٰ جتوئی کی باگڑجی پولیس تھانہ پر درج مقدمہ میں مستقل ضمانت منظور کرلی گئی۔ ایڈیشنل سیشن جج درجہ دوئم جاوید میرانی نے درخواست ضمانت کو مستقل کر دیا۔ اس موقع پر مسرور خان جتوئی سمیت دیگر وکلابھی موجود […]
