اسلام آباد، 19 مئی (پی پی آئی)وفاقی وزیر تجارت، جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان جغرافیائی شناختوں کے تحفظ کے لیے اپنے عزم کو مزید مستحکم کر رہا ہے، تاکہ مقامی مصنوعات کی عالمی سطح پر شناخت، برآمدات میں اضافہ اور ثقافتی ورثے کا تحفظ ممکن ہو سکے۔ وہ پیر کے روز اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں “جغرافیائی شناختوں سے آگاہی” کے موضوع پر منعقدہ قومی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔یہ کانفرنس وزارت تجارت اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت (FAO) کے اشتراک سے منعقد ہوئی۔اپنے کلیدی خطاب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ “جغرافیائی شناختیں صرف فکری ملکیت کا تحفظ نہیں کرتیں، بلکہ یہ ہمارے دیہی علاقوں کے لیے ترقی، مصنوعات کے معیار کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے، اور مقامی شناخت کو معاشی طاقت میں بدلنے کا ذریعہ ہیں۔”وزیر تجارت نے بتایا کہ پاکستان اب تک 20 جغرافیائی شناختیں رجسٹر کر چکا ہے، جن میں باسمتی چاول اور چلغوزہ پائن نٹس جیسی مشہور مصنوعات شامل ہیں، جبکہ یورپی یونین سمیت اہم عالمی منڈیوں میں ان کی بین الاقوامی سطح پر رجسٹریشن کے لیے درخواستیں بھی زیرِ غور ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزارتِ تجارت ایک جامع “قومی جغرافیائی شناختی تحفظ حکمتِ عملی” (National Geographical Indications Protection Strategy) تیار کر رہی ہے، جس کے تحت ایک باقاعدہ GI رجسٹری قائم کی جائے گی تاکہ مقامی اور بین الاقوامی سطح پر GI مصنوعات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔جام کمال نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 200 مصنوعات کو ممکنہ GI کے طور پر شناخت کیا گیا ہے۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کے ادارے FAO کی خصوصی معاونت کو سراہتے ہوئے TRI-Chilgoza منصوبے کا حوالہ دیا، جس کے تحت گلگت بلتستان، شمالی و جنوبی وزیرستان، شیرانی (بلوچستان) اور چترال میں چلغوزے کے لیے چار ممکنہ GI زونز کی نشاندہی کی گئی ہے۔کانفرنس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں، تجارتی اداروں، ماہرین قانون، تعلیم و تحقیق سے وابستہ افراد، نجی شعبے، چیمبرز آف کامرس، اور بین الاقوامی ترقیاتی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ شرکاء نے جغرافیائی شناختوں کے قومی ترقی، پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) اور برآمدات کے فروغ میں کردار پر روشنی ڈالی۔اختتام پر وزیر تجارت نے تمام متعلقہ اداروں اور شعبوں سے اپیل کی کہ وہ قومی مشاورت کے عمل میں بھرپور حصہ لیں تاکہ ایک جامع، مؤثر اور قابل عمل GI نظام تشکیل دیا جا سکے۔
Next Post
ٰٓایس ایم آئی یو میں کلیدی ٹیک کانفرنس کے لیے عالمی ذہنوں کا اجتماع
Mon May 19 , 2025
کراچی،19 مئی (پی پی آئی) سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی (ایس ایم آئی یو) 21-22 مئی کو کمپیوٹنگ اور متعلقہ ٹیکنالوجیز پر اپنی چوتھی بین الاقوامی کانفرنس (آئی سی سی آر ٹی-2025) کی میزبانی کرنے جا رہی ہے۔ یہ ایونٹ کمپیوٹنگ، مصنوعی ذہانت، اور معاشرتی اثرات کے مستقبل پر تبادلہ خیال […]
