کراچی، 19 مئی (پی پی آئی) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ نے چینی آٹو موبائل کمپنی چیری ہولڈنگز گروپ کے ہیڈکوارٹر ووہو کا دورہ کیا۔ چیئرمین ین تونگیو نے ان کا استقبال کیا۔ اس دورے کے دوران چیری ہولڈنگز گروپ نے سندھ میں ای وی گاڑیوں کے لیے چارجنگ پوائنٹس نصب کرنے کی آمادگی ظاہر کی ہے۔شرجیل انعام میمن کے مطابق، سندھ کے تمام اضلاع میں ہر پچاس کلومیٹر پر ایک ای وی چارجنگ اسٹیشن قائم کیا جائے گا۔ یہ چارجنگ اسٹیشنز ای وی موٹر سائیکل، کار، اور ٹرکس رکھنے والوں کے لیے فائدہ مند ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں ٹرانسپورٹ کے نظام میں جدت آرہی ہے اور ہمارا ویڑن ماحول دوست ای وی گاڑیوں کو فروغ دینا ہے۔چیری ہولڈنگز نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سندھ بھر میں ای وی چارجنگ اسٹیشنز لگائے جائیں گے۔ ان اسٹیشنز کے قیام سے مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا، جبکہ کراچی میں ای وی منی ٹرکس کا اسمبلنگ پلانٹ بھی قائم کیا جارہا ہے۔
وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ چینی سرمایہ کار سندھ کے دیہی علاقوں میں شمسی توانائی کے منصوبوں پر بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروا چکے ہیں۔ گھروں کے سولرائزیشن سے توانائی بحران میں کمی آئے گی اور یہ اقدام ماحول دوست توانائی کے فروغ میں اہم ثابت ہوگا۔
سید ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ موجودہ مرحلے میں غریب خاندانوں کو سولر سسٹمز فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنی روزمرہ کی توانائی کی ضروریات خود پوری کر سکیں۔ اس سے نہ صرف مہنگی بجلی کے بلوں سے نجات ملے گی بلکہ لوڈشیڈنگ جیسے مسائل میں بھی کمی آئے گی، جس سے مقامی معیشت کو فروغ ملے گا اور دیہی علاقوں کی ترقی ممکن ہو سکے گی۔
