کراچی، 03 جون (پی پی آئی) آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ملیر جیل کا دورہ کیا اور آئی جی محکمہ جیل خانہ جات سندھ قاضی نذیر سے قیدیوں کے فرار کے واقعے پر گفتگو کی۔
ایس ایس پی ملیر نے پولیس کی کارروائیوں اور حراست کے حوالے سے تفصیلات فراہم کیں۔ فرار کے بعد پورے علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی تھی۔
آئی جی سندھ نے یقین دلایا کہ فرار قیدیوں کی گرفتاری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بر وقت کارروائی کی وجہ سے کئی قیدی فوراً پکڑے گئے۔
ملیر جیل میں منشیات اور معمولی نوعیت کے مقدمات کے قیدی رکھے جاتے ہیں اور ہر قیدی کا ریکارڈ محکمہ جیل خانہ جات اور ملیر جیل انتظامیہ کے پاس موجود ہے۔
آئی جی سندھ نے مفرور قیدیوں کی گرفتاری کے لیے پولیس کی مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور صوبائی سطح پر احکامات جاری کر دیے گئے ہیں تاکہ جلد از جلد ان کی گرفتاری ممکن بنائی جا سکے۔
