کمشنر کراچی نے آج اجلاس طلب کرلیا،ڈیری فارمرز کاقیمت مزید بڑھانے پر زور
چارہ مہنگا،دیگر اخراجات بڑھ گئے، جسکے باعث دودھ 200 روپے مقرر کرنا مجبوری
کراچی (پی پی آئی)ڈیری فارمرز نے شہر قائد میں دودھ کی قیمت مزید بڑھانے کی تیاری شروع کردی، دودھ فروشوں نے فی کلو مزید 20 روزپے اضافے کا عندیہ دیدیا۔ڈیری فارمرز دودھ کی قیمت مزید 20 روپے بڑھا کر 200 روپے فی لیٹر مقرر کرنا چاہتے ہیں، اس ضمن میں صدر کراچی ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن مبشر قدیر عباسی نے مؤقف اختیار کیاہے کہ دودھ کی پیدواری لاگت 200 روپے فی لیٹر سے تجاوز کرچکی ہے۔پی پی آئی کے مطابق انہوں نے یہ بھی کہا کہ کمشنر کراچی نے دودھ کی قیمتوں کے تعین کیلئے وعدے کے مطابق میٹنگ کال نہیں کی تو ڈیری فارمرز خود نئی قیمتوں کا اعلان کردیں گے۔ڈیری فارمرز کے بیان کے بعدکمشنر آفس سے میٹنگ نوٹس جاری کردیا، جس کے مطابق جمعہ 16 دسمبر کو 3 بجے کمشنر آفس میں اجلاس ہوگا، جس میں دودھ کی پیدواری لاگت اور قیمتوں کا جائزہ لیا جائے گا۔واضح رہے کہ اس سے قبل 25 اکتوبر کو بھی ڈیری فارمرز نے دودھ کی قیمت 200 روپے فی لیٹر کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے مطابق انتظامیہ نے سرکاری نرخ 50 روپے کے اضافے سے 170 روپے مقرر کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تاہم شہر بھر میں دودھ 180 روپے فی لیٹر پر فروخت ہورہا ہے۔ذرائع کے مطابق اکتوبر میں ڈیری فارمرز کو کہا گیا تھا کہ فی الوقت سرکاری نرخ 170 روپے مقرر کیا جارہا ہے تاہم بعد میں 29 نومبر کو اجلاس میں نئی قیمتوں کا جائزہ لیا جائے گا لیکن 29 نومبر کو اجلاس نہیں ہوسکا، قوی امکان ہے کہ سرکاری قیمت 180 روپے ہوجائے گی، جس کے بعد حسب روایت سرکاری قیمت سے 20 روپے زیادہ یعنی 200 روپے میں دودھ فروخت کیا جائے گا۔ملک ریٹیلرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ترجمان عبدالوحید گدی کا کہنا ہے کہ چارہ مہنگا اور دیگر اخراجات بڑھ گئے ہیں، جس کی وجہ سے دودھ 200 روپے مقرر کرنا مجبوری ہے۔انہوں نے کہا کہ موسم سرما میں دودھ کی کھپت کم ہوجاتی ہے لیکن اس کے باوجود لاگت بڑھنے کی وجہ سے پیدوار میں بھی کمی آرہی ہے مبشر قدیر عباسی کے مطابق دودھ کی قیمت فی الوقت 200 روپے تک پہنچ جائے گی لیکن یہ بھی ناکافی ہے، مئی میں یہ قیمت 250 روپے تک ہوجائے گی۔
