محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کا خواتین کیلئے پنک پیپلز بس سروس چلانے کا فیصلہ

یکم فروری سے سروس کا آغاز ہو گا، پہلے روٹ کے لیے ماڈل کالونی تا ٹاور کا انتخاب
دفتری اوقات میں صبح،شام میں ہر 20 منٹس کے بعد بس چلا کرے گی: شرجیل میمن
کراچی (پی پی آئی)محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے خواتین کیلئے مخصوص پنک پیپلز بس سروس چلانے کا فیصلہ اور کراچی میں روٹ 4، 5, 6 اور 7 کے آغاز کا جائزہ لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ایک اجلاس میں پنک پیپلز بس سروس کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا ہے جو کہ خصوصاً ملازمت پیشہ خواتین کے سفری مسائل کو مد نظر رکھ کر کیا گیا ہے۔ پی پی آئی کے مطابق شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ یکم فروری سے پنک پیپلز بس سروس کا آغاز کیا جائے گا جس کے پہلے روٹ کے لیے ماڈل کالونی، شاہراہِ فیصل تا ٹاور روٹ کا انتخاب کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا ہے کہ پنک بس سروس دفتری اوقات میں صبح اور شام کے اوقات میں ہر 20 منٹس کے بعد چلے گی اور دفتری اوقات کے بعد معمول کے اوقات میں ہر ایک گھنٹے کے بعد پنک بس سروس چلے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں نارنجی، سرخ اور سفید کے بعد خواتین کے لیے اب (گلابی) پنک بس سروس کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہپاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی طرف تیزی سے گامزن ہے۔صوبائی وزیر نے ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو کراچی میں پیپلز بس سروس کے بقیہ روٹس کا دورہ کرنے اور سڑکوں کی بہتری کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کراچی کے روٹ 4، 5, 6 اور 7 پر جلد از جلد بسیں چلانی ہیں۔خیال رہے کہ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی زبیر چنہ، آپریشن منیجر این آر ٹی سی عبدالشکور نے شرکت کی۔

Next Post

لاڑکانہ، حیدرآباد میں پیپلز بس سروس کے آپریشنز کا فیصلہ

Thu Jan 26 , 2023
سکھر میں 29 جنوری سے سروس کا آغاز کرنے کی ہدایت سکھر، لاڑکانہ، حیدرآباد (پی پی آئی)محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے سکھر، لاڑکانہ، حیدرآباد میں پیپلز بس سروس کے آپریشنز کا فیصلہ کرتے ہوئے سکھر میں 29 جنوری کو پیپلز بس سروس کا آغاز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔پی پی […]