بے گناہ اور معصوم لوگوں کا خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں: عبدالقدوس بزنجو
کوئٹہ(پی پی آ ئی) بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے رکھنی میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق رکھنی کے بازار میں زور دار دھماکے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو ئے ہیں۔ زخمی افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن میں 2 بچیاں بھی شامل ہیں رکھنی اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا تاہم دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔دوسری جا نب وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے رکھنی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ اور معصوم لوگوں کا خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔وزیراعلیٰ نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا بھی اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اپنے مزموم مقاصد کے حصول کے لئے بد امنی پیدا کررہے ہیں، ملک دشمن عناصر کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف مزید موثر اسٹریٹیجی اپنائی جائے گی۔۔وزیراعلیٰ نے محکمہ داخلہ اور پولیس کو دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے تناظر میں سیکیورٹی پلان کا ازسر نو جائزہ لینے کی ہدایت کی اور کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور دیرپا امن کا قیام ہر صورت یقینی بنایا جائے۔میر عبدالقدوس بزنجو نے ہدایت دی کہ دھماکے کے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے خاندانوں سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومین کی مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
