کراچی (پی پی آئی)کراچی میں بلدیاتی نظام بحال ہونے کے باوجود ٹاؤ ن اور یونین کمیٹیوں کو فنڈز کا اجرا نہ ہونے کی وجہ سے عوامی مسائل جوں کے توں برقرار ہیں۔شہری بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے اپنی متعلقہ یونین کمیٹیوں سے رابطہ کرتے ہیں تو منتخب نمائندے اپنی بے بسی کا اظہا ر کرتے ہوئے فنڈز کی عدم فراہمی کے حوالے سے اپنی مجبوریاں عوام کے سامنے رکھ رہے ہیں۔اس ضمن میں صدر ٹاؤن کی یوسی 8سٹی ریلوے کالونی کے چیئرمین محمد سلمان خان نے بتایا کہ منتخب بلدیاتی نمائندوں نے اپنے عہدوں کا چارج سنبھال لیا ہے لیکن اب تک انہیں فنڈز فراہم نہیں کیے جارہے ہیں جس کی وجہ سے وہ عوام کی خدمت کرنے سے قاصر ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کراچی کی یونین کمیٹیوں کو مکمل طور پر نظرانداز کیا جارہا ہے جبکہ اندرون سندھ کی یونین کمیٹیوں کو فنڈز کے اجرا کے لیے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔سلمان خان نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے کہ یونین کمیٹی کی سطح پر بلدیاتی نظام کو فعال بنایا جائے اور انہیں خاطر خواہ فنڈز فراہم کیے جائیں تاکہ بنیادی نوعیت کے مسائل حل ہوسکیں۔انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ،وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ اور میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر یونین کمیٹیوں کو فنڈز کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
Next Post
پاکستان ورلڈ کپ کھیلنے بھارت جائے گا یا نہیں، فیصلہ آج ہو گا
Wed Aug 2 , 2023
اسلام آباد(پی پی آئی)پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے بھارت جائے گی یا نہیں، نریندرمودی کے شہراحمد آباد میں پاکستان بھارت کا میچ ہوسکے گا یا نہیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی صدارت میں حکومتی وزراپرمشتمل اعلی سطح کمیٹی کا پہلا اجلاس جمعرات کو اسلام آباد میں طلب […]
