کراچی(پی پی آئی) گورنر ہاو ¿س سندھ میں محفل ذکر مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں معروف روحانی بزرگ پیر نقیب الرحمن،حسان حسیب الرحمن، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، معززین شہر اور شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
گورنر سندھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بزرگوں کی دعاو ¿ں کے طفیل اس منصب پر بیٹھا ہوں، انہوں نے کہا کہ علم کے ساتھ ساتھ عمل بھی ضروری ہے اس کے بغیر کامیابی ممکن نہیں، ہمارے مسائل کی بڑی وجہ قرآن کریم اور تعلیمات نبوی صلی اللہ علیہ وسلم سے دوری ہے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ کراچی ملکی معیشت کا حب کہلاتا ہے، لیکن یہاں کے حالات سب کے سامنے ہیں، انہوں نے کہا کہ چاند پر جانے والوں کو کہتا ہوں کچھ دن یہاں گذار لیں، چاند کی طرح یہاں بھی پانی، بجلی اور گیس نہیں ہے، 76 سالوں میں ہم سے صرف وعدے کیے گئے، ہر آنے والے حکمران نے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ میں یہاں گورنر ہاو ¿س میں عوام کے لیے موجود ہوں، ان کے لیے گورنر ہاو ¿س کو آئی ٹی یونیورسٹی بنادیا ہے، اور میں یقین سے کہتا ہوں یہاں آئی ٹی کورسز تکمیل کے بعد پانچ سے دس لاکھ ماہانہ کمانا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، گورنر سندھ نے کہا کہ عوام میں شعور بیدارکرنا چاہتا ہوں، تاکہ آنے والے انتخابات میں ایسے لوگوں کا انتخاب کیا جائے جو آپ کے مسائل حل کرنا جانتے ہوں۔ گورنر سندھ نے تقریب میں موجود لوگوں کو قرعہ اندازی کے ذریعے عمرے اور حج پر بھیجنے کا اعلان بھی کیا۔
