پاکستان کا اقوام متحدہ سے کشمیری اور فلسطینی عوام کو انکا حق خودارادیت دینے کا مطالبہ

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کشمیر اور فلسطین کے تنازعات پر اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے:منیر اکرم
اقوام متحدہ (پی پی آ ئی)پاکستان نے کشمیر اور فلسطین کے حل طلب دیرینہ تنازعات کا حوالہ دیتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری اور فلسطینی عوام کو انکا حق خودارادیت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔کشمیرمیڈیا کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے یہ مطالبہ اقوام متحدہ کی 15رکنی سلامتی کونسل میں اقوام کے درمیان قانون کی حکمرانی پر بحث کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کو تنازعات اور کشیدگی پر خاموشی اختیار کرنے کی بجائے ان کے فعال انداز میں حل کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ دونوں تنازعات سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد سے بین الاقوامی امن و سلامتی کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل فلسطین اور جموں و کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر مسلسل عمل درآمد کرانے میں ناکام رہی ہے۔ فلسطین اور جموں و کشمیر میں عوام کے حق خودارادیت کو بے دردی سے روندا گیا اور کئی دہائیوں سے غیر ملکی قبضے کو برقرار رہنے دیا گیا ہے۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادیں خواہ بحرالکاہل کے تنازعات کے پرامن تصفیہ پر اقوام متحدہ کے چارٹر کے باب VI یا VIIجس میں نفاذ کی کارروائی شامل ہیں کے تحت منظور کی گئیں اور رکن ممالک چارٹر کے آرٹیکل 25کے تحت کونسل کے فیصلوں پر قانونی طور پر عملدرآمد کرنے کے پابند ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو چارٹر کے آرٹیکل 99کے تحت بین الاقوامی امن و سلامتی کو لاحق خطرات کو روکنے کیلئے اپنے اختیار کو استعمال کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن اور بین الاقوامی سلامتی کے ڈھانچے کو شدید خطرات لاحق ہیں اور کئی مسائل کو ان طریقوں سے حل کرنے کی ضرورت ہے جن میں اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصولوں کیلئے ہمہ گیر اور مستقل احترام کو فروغ دینا، تنازعات اور تنازعات کی بنیادی وجوہات سے نمٹنا جو اکثر کونسل کو مفلوج کردیتی ہے، ہتھیاروں کی بڑھتی ہوئی دوڑ سمیت نئے ہتھیاروں اور ڈومینز کو روکنا، بین الاقوامی امن اور سلامتی کے پائیدار ڈھانچے کی تعمیر کے لیے اقوام متحدہ اور اس کے اداروں کو بااختیار بنانا اور مکمل طور پر استعمال کرنا شامل ہے۔

Next Post

گوادر،حق دو تحریک کے رہنما مولانا ہدایت الرحمان گرفتار

Fri Jan 13 , 2023
کوئٹہ(پی پی آ ئی) بلوچستان حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان کو احاطہ عدالت سے گرفتارکرلیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان ہائیکورٹ میں گوادر میں احتجاج کے دوران فائرنگ سے پولیس اہلکارکی شہادت سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔مولانا ہدایت الرحمان، نصیب نوشیروانی اور حسن مراد کو احاطہ عدالت سے نصیب نوشیروانی اور حسن مراد سمیت گرفتار کیا […]