اسلام آ باد(پی پی آ ئی) جڑواں شہروں کے نان بائیوں نے حکومت کو آٹے اور گیس کی قیمتوں میں کمی کے لیے 5 مئی کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا ہے کہ مطالبات پورے نہ ہوئے تو ملک بھر میں تمام تندور بند کرکے ڈی چوک اسلام آباد کی جانب مارچ کریں گے۔صدر آل پاکستان نان بائی ایسوسی ایشن راولپنڈی شفیق قریشی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے آٹے اور میدے کے ریٹ مسلسل بڑھائے جا رہے ہیں۔ حکومت تک اپنی آواز پہنچائی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ زرعی ملک میں گندم کا مصنوعی بحران اور آٹے کی قیمت بڑھنا تشویشناک ہے۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں عید پر نان اور روٹی کی قیمت نہیں بڑھائیں گے۔۔ البتہ حکومت نے پانچ مئی تک آٹے، میدے اور گیس کی قیمتیں کم نہ کیں تو نان بائی شٹر ڈاؤن ہڑتال کریں گے۔جنرل سیکرٹری نان بائی ایسوسی ایشن نے کہا کہ بجلی اور گیس کی مد میں بھی بھاری ٹیکسز عائد ہیں۔