واپڈا کے غیر منافع بخش و بیمار اداروںکی نج کاری لازمی ہوگی : عابد شیر علی

حیدرآباد: پانی و بجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ واپڈا کے غیر منافع بخش و بیمار اداروں کی نج کاری لازمی کی جائے گی‘بجلی چوروں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کیا جارہا ہے ‘ اراکین اسمبلی تعاون کریں ۔ عابد شیر علی نے کہاکہ حکومت لوڈ شیڈنگ پر قابو پائے گی ،عوام کنڈا سسٹم کے خلاف ہمارا ساتھ دیں ‘ تھر میں لوڈ شیڈنگ ختم اورسبسڈی بھی دی جائے گی‘گدو تھرمل پاور 242میگا واٹ بجلی شامل کردی گئی ہے ‘حیسکو کے نااہل افسران کے خلاف ابتدائی کاروائی بھی کی گئی ہے ۔وزیر مملکت عابد شیر علی نے حیسکو حیدرآباد کے اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کیا اس موقع پر حیسکو چیف سلم جاٹ اور دیگر افسران بھی موجود تھے انھوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ حکومت پانی و بجلی کے انھی اداروں کی نج کاری کرے گی جو بیمار اور غیر منافع بخش ہیں انہوں نے کہاکہ واپڈا کے ملازمین کی یونینوں کے رہنما ں کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا وہ مخالفت نہیں کریں گے، انہوں نے کہاکہ حیسکو میں بجلی کا خسارہ بدستور موجود ہے اگرچہ ملک کے چاروں صوبوں کی بجلی کمپنیاں خسارے پر چل رہی ہیں لیکن جہاں جہاں بھی بجلی چوری ہو رہی ہے وہاں ہم سخت قدم اٹھار ہے ہیں بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے انہیں جیل بھیجا جائے اور واپڈا کے وہ ملازمین جو چوری میں ملوث ہیں ان کے خلاف بھی کاروائی کی جائے گی انہوں نے کہاکہ میں نے بجلی چوری کے مقامات کے اعداد و شمار ثبوت کے ساتھ جمع کرلیے ہیں انہوں نے بتایا کہ حیسکو کے اجلاس میں لائن لاسسز اور کنڈا سسٹم پر تفصیلی غور کے بعد فوری طور پر میں نے ایکسی این میر پور خاص سید خالد حسین ‘ ایس ڈی او ٹنڈو الہیار ‘ ون اور ٹو سب ڈویژن ‘ عبدالستار چنہ ‘ایس ڈی او نوری آباد ( ضلع جام شورو ) شیر محمد اور ایس ڈی او سامارو( ضلع میر پور خاص ) کو معطل کردیا ہے اسی طرح ایس ڈی او پیر آباد میر پور خاص اور ایس ڈی او علامہ اقبال سب ڈویژن حیدرآباد کے خلاف بھی کاروائی کی گئی ہے انہوں نے اسکی تفصیل بتاتے ہو ئے کہاکہ ان علاقوں میں 80سے93فیصد تک بجلی چوری ہو رہی ہے ، انہوں نے کہاکہ جن علاقوں میں 90فیصد بجلی چوری ہو رہی ہے وہاں اگر ایک گھنٹہ بجلی بند رکھی جائے تو قومی خزانہ کو 10لاکھ روپے کا فائدہ ہو گا انہوں نے کہاکہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جن سب ڈویژن میں بجلی چوری ہو گی وہاں لوڈ شیڈنگ بھی ختم نہیں ہو گی اور عین ممکن ہے کہ ہم وہاں صد فی صد لوڈ شیڈنگ کریں جبکہ موسم گرما میں بھی ملک میں 6تا 8گھنٹہ لوڈ شیڈنگ بھی جاری رہے گی انہوں نے کہاکہ سندھ میں پی پی کے ایم این ایز میر منور تالپور‘ پیر شفقت علی شاہ جیلانی ‘ ملک اسد سکندر ‘ غلام مصطفی شاہ ‘ عبدالستار بچانی ‘ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا‘سید امیر علی شاہ جاموٹ اور ایم کیو ایم کے ایم این اے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے حلقوں میں کھلے عام کنڈا سسٹم چل رہا ہے اراکین اسمبلی ہمارے ساتھ بجلی چوری کے خاتمہ میں تعاون کریں اس سلسلہ میں ایک خط میں نے قائد حزب ِ اختلاف سید خورشید شاہ کو بھی لکھا ہے انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے اراکین میرے بیانات پر ناراض ہو تے ہیں لیکن حقائق سے کوئی چشم پوشی نہیں کرسکتا ۔انہوں نے کہاکہ اے بی سی کیبل لگائے جانے کے بعد بجلی چوری میں کمی آئی ہے اور اسمارٹ میٹر بھی کامیابی سے چل رہا ہے انہوں نے کہاکہ بجلی چوروں کے خلاف ملک گیر آپریشن کیا جارہا ہے حیسکو اور سیپکو کو میں نے ایک ماہ کا وقت دیا ہے کہ وہ بجلی چوری پر قابو پائیں ورنہ سخت کاروائی کروں گا اور جو کوتاہی کے مرتکب پائے گئے وہ افسران اپنی سیٹوں پر نہیں ہو نگے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پر 26ارب روپے کے واجبات ہیں جس میں ساڑھے 4ارب روپے کے واجبات کو وہ تسلیم نہیں کررہے ہیں میں نے حکم دیا ہے ان محکموں کی بجلی فوری طور پر منقطع کردی جائے انہوں نے کہاکہ فیصل آباد اور ملتان میں بھی ہم نے بجلی چوروں کے خلاف قدم اٹھایا ہے وہاں بہت سے کارخانہ دار جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں جو بجلی و گیس چوری کررہے تھے انہوں نے کہاکہ پنجاب میں 15,6فیصد لاسسز ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی چوری پر قابو پا کر اس کے نرخ سستے کرنا چاہتی ہے اور مزید بجلی سسٹم میں لائی جارہی ہے، گدو تھرمل پاور میں ریکارڈ مدت میں 242میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کردی گئی ہے جس کا افتتاح جلد ہی وزیر اعظم میاں نواز شریف کرنے والے ہیں ،گدو تھرمل میں 505میگا واٹ بجلی بھی مئی2014ءتک شامل ہو جائے گی اس منصوبہ کی پی سی ون2008ءمیں تیار ہو ئی تھی ،ہم نے اسی رقم میں 2013-14ءکی 10ماہ کی مدت میں یہ کام مکمل کیا ہے اسکے علاوہ نندی پاور ‘ تربیلا‘ جام شورو ‘ گڈانی پر توانائی میں اضافہ کے لیے کام جاری ہے چائنا سے 30ارب ڈالر ز کا ایم او یو سائن ہو اہے جس کا 80فیصد توانائی اور20فیصد انفرااسٹیکچر پر خرچ ہو گا ۔

Latest from Blog