کچے کے ڈاکوؤں کی سرکوبی سے قبل پکے کے سرپرستوں کو گرفتارکیاجائے:ڈاکٹر سلیم حیدر

کراچی (پی پی آئی)مہاجر اتحاد تحریک اور مہاجر صوبہ ہماری منزل تحریک کے بانی و چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ کچے کے ڈاکو اس وقت تک گرفتار نہیں کئے جاسکتے جب تک ان کے سرپرست شہروں میں آباد پکے کے ڈاکوؤں کو گرفتار نہیں کیا جاتا۔ کراچی اور حیدرآباد کو مکمل طور پر ڈاکوؤں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، وردی اور بغیر وردی کے ڈاکو سارا دن شہروں کو لوٹ رہے ہیں، تاجروں اور عام شہریوں کو ڈاکوؤں نے یرغمال بنایا ہوا ہے۔ پی پی آئی کے مطابق  انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے کئی قومی و صوبائی ارکان اسمبلی ڈاکوؤں کی سرپرستی میں ملوث ہیں جبکہ اکثر و بیشتر پیپلز پارٹی پر علیحدگی پسند، سندھو دیش کی حمایت اور کچے میں آباد ڈاکوؤں اور اغوا برائے تاوان کی سرپرستی کرنے اور ان کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کرنے کے الزامات لگتے رہے ہیں۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے نگراں حکومت اور خاص طور پر مختلف اداروں سے تعلق رکھنے والے پالیسی سازوں سے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ اس گھمبیر صورتحال سے کراچی اور حیدرآباد کے بے بس و مظلوم عوام کو نجات دلائیں۔  ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد میں قتل، ڈکیتی و لوٹ مار کرنے والے ڈاکو اب اس حد تک بے لگام ہوچکے ہیں کہ راہ چلتی خواتین اور بچے بھی ان سے محفوظ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تو یہ صورت حال ہے کہ گلیوں، محلوں اور گھروں میں گھس کر کھلے عام وارداتیں کی جارہی ہیں اور عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا کہ مہاجر قوم پہلے ہی معاشی بدحالی کا شکار ہے اوپر سے کراچی اور حیدرآباد میں وردی اور بغیر وردی کے ڈاکوؤں نے ان کا جینا دو بھر کیا ہوا ہے۔ مہاجر اتحاد تحریک اور مہاجر صوبہ ہماری منزل تحریک کے بانی و چیئرمین نے کہا افسوس کا مقام ہے کہ کراچی، حیدرآباد کی پولیس اور انتظامیہ میں ایک بھی مقامی افسر نہیں سب دیہی علاقوں سے لاکر یہاں لگائے گئے ہیں جو دھڑلے سے جرائم پیشہ افراد اور ڈاکوؤں کی سرپرستی کر رہے ہیں، ان سے جواب طلبی اور باز پرس کرنے والا بھی کوئی نہیں ہے۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کے ٹیکس پر پورا ملک مستفید ہوتا ہے اگر یہاں کے تاجروں اور شہریوں کو تحفظ فراہم نہیں کیا جاتا تو پھر یہ تاجر اور شہری ٹیکس نہ دینے کا اپنا حق استعمال کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔

Next Post

سندھ کے آبادگاروں کو نہری پانی کی قلت، یوریا کھاد کی بلیک مارکیٹنگ اور نقلی ادویات کا سامنا

Fri Sep 15 , 2023
ٹنڈو محمد خان (پی پی آئی)سندھ آبادگار اتحاد نے پالیسی ساز اداروں پر واضح کیا ہے کہ اس وقت سندھ کے آبادگاروں کو نہری پانی کی قلت،بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی  ہوشرباقیمتوں. یوریا کھاد کی بلیک مارکیٹنگ اور نقلی ادویات سمیت متعدد مسائل کا سامنا ہے.  پھر یہ بھی کہ آبادگاروں کو ان کی  تیارفصلوں کی مناسب قیمت نہیں دی […]