کراچی میں جاپانی شہریوں کی گاڑی پر حملہ، 2 دہشگرد ہلاک، 2 گارڈ زسمیت 3 افراد زخمی

کراچی(پی پی آئی) کراچی کے علاقے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکی شہریوں کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 2 دہشتگرد ہلاک اور 2 سکیورٹی گارڈ زسمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔ایس ایس پی ملیر طارق الہٰی نے بتایا کہ تمام غیرملکی شہری ایکسپورٹ پروسیسنگ زون جا رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں 5 جاپانی شہری سوار تھے، حملے کے نتیجے میں تمام غیر ملکی شہری محفوظ رہے۔پی پی آئی کے مطابق ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑایا، دوسرا دہشت گرد پولیس مقابلے میں مارا گیا جبکہ تیسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس کے مطابق دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 2 سکیورٹی گارڈ سمیت 3 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں میں نور محمد، لنگر خان اور سلمان رفیق شامل ہیں، 2 کی حالت تشویشناک ہے، دھماکے کے زخمیوں میں کوئی غیر ملکی شامل نہیں ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی کو موٹرسائیکل پر سوار خود کش بمبار کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جائے وقوعہ سے کلاشنکوف اور دستی بم سے بھرا بیگ بھی ملا ہے۔دھماکے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ڈجی آئی جی ایسٹ نے بتایا کہ غیر ملکی شہریوں کے ساتھ مسلح گارڈ موجود تھا جس نے حملہ آور پر جوابی فائرنگ کی اور وہ خود بھی زخمی ہوا جائے وقوعہ سے دہشت گرد کے اعضا ملے ہیں۔

Latest from Blog