راولپنڈی،پندرہ کروڑکی برآمد کرنسی میں ہیر پھیر

راولپنڈی(پی پی آئی) پولیس نے 15 کروڑ مالیت کی برآمد ہونے والی ملکی و غیر ملکی کرنسی میں ہیر پھیر کرنے والے اہل کاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ ایف آئی اے اے سی سی مال خانے سے ملکی و غیر ملکی کرنسی لوٹ کر جانے والے ملزمان کی گرفتاری کے دوران برآمد رقم میں ہیر پھیر کرنے پر 9پولیس ملازمین اور پرائیویٹ شخص پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔مقدمے میں ایس ایچ او، اے ایس آئی،7کانسٹیبلز اور پرائیویٹ شخص بطور ملزم نامزد کیے گئے ہیں۔ مقدمہ اے سی سی ایف آئی اے کے ایس ایچ او اسفند یار کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس کے متن کے مطابق 31مئی کو ایف آئی اے مال خانے سے 2 ملزمان نے تقریباً 15کروڑ مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی لوٹی۔ کرنسی اور دیگر اشیا لے کر جانے والے ملزمان کو مندرہ پولیس نے ٹول پلازہ پر پکڑا۔مقدمے کے متن کے مطابق مندرہ پولیس نے ملزمان سے برآمد رقم میں ہیر پھیر کرکے صرف 47.9ملین برآمدگی ظاہر کی۔ مندرہ پولیس کی بدیانتی روزنامچہ رپورٹ کے پھاڑنے سے بھی ظاہر ہے۔ مقدمے

 میں انسپکٹر یاسر اعوان،اے ا یس آئی عمران مظفر، کانسٹیبلز خضر حیات،مظفر شاہ،شاہد محمود،اسد محمود،عثمان اور مختار حسین، محمد نعیم شہزاد سمیت ایک پرائیویٹ شخص کوبھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

Latest from Blog