اسلام آباد(پی پی آئی)گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کاکہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان ایک سیاسی شخصیت ہیں اور انہوں نے جمہوریت کیلئے جدوجہد کی، مولانا فضل الرحمان پی ٹی آئی سے گن گن کر بدلے لے رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کا ڈی چوک میں احتجاج کا اعلان سازش ہے، پی ٹی آئی کا ہمیشہ ملک کے خلاف ایجنڈا رہا ہے، یہ ملک دشمنوں کے ساتھ کام کررہے ہیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں کہا کہ اس ملک میں جو کچھ ہورہا ہے سب کے سامنے ہے، پاکستان میں بہت عرصے بعد ایک اہم ترین انٹرنیشنل کانفرنس ہورہی ہے، ہم پاکستان کا ایک سافٹ امیج دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں اور پی ٹی آئی نے کانفرنس والے دن احتجاج کی کال دی ہے۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ کیا ڈی چوک میں احتجاج کرنے سے بانی پی ٹی آئی رہا ہوجائیں گے؟ پی ٹی آئی کا ہمیشہ ملک کے خلاف ایجنڈا رہا ہے، یہ ملک دشمنوں کے ساتھ کام کررہے ہیں۔