کراچی (پی پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد نے آل پارٹیز حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیرچیپٹر کے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں یونائیٹڈ کشمیر ویلفیئر الائنس کراچی کے عہدیداروں اور کارکنوں سے جمعہ کو ملاقات کی۔کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق، انہوں نے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی موجودہ صورتحال اور بھارتی قابض افواج کی طرف سے جاری جبر پر تبادلہ خیال کیا۔دورہ پر آئے ہوئے حریت وفد نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیریوں کی جاری قتل و غارت، جبری گمشدگیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالی اور بے گناہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید مذمت کی۔غلام محمد صفی نے کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے جسے مزید نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور اسے عالمی فورمز پر اٹھایا جائے گا۔صفی نے کہا کہ کشمیریوں کے حقوق کے لیے نہ صرف آزاد جموں و کشمیر بلکہ پوری دنیا میں آواز بلند کی جانی چاہیے۔اس موقع پر چیئرمین یونائیٹڈ کشمیر ویلفیئر الائنس سردار ذوالفقار، صدر سدھنوتی ویلفیئر ایسوسی ایشن سردار فاروق محمود، صدر راجپوت ایسوسی ایشن راجہ ظہیر، صدر الاعوان آرگنائزیشن اظہر اعوان، صدر نموتہ ویلفیئر سردار کریم خان، نائب صدر منٹو ویلفیئر ٹرسٹ سردار مبشر حسین اور دیگر بھی موجود تھے۔۔