کراچی (پی پی آئی) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ فریئرہال، باغ ابن قاسم، خالقدینا ہال اور کراچی کی دیگر تاریخی جگہوں پر شہریوں کے لئے ثقافتی پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا، چوتھے کراچی بائنل فیسٹیول میں ملک و بیرون ملک سے فنکاروں اور عمائدین کی بڑی تعداد میں شرکت خوش آئند ہے، بہت جلد شہریوں کے لیے ان تاریخی مقامات پر ہفتے میں تین دن ساز و آواز سننے کے مواقع مہیا کئے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے باغ ابن قاسم کلفٹن میں بحیثیت مہمان خصوصی چوتھے کراچی بائنل (کے بی) فیسٹیول کا افتتاح کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہی، کراچی بائنل ٹرسٹ کی مینیجنگ ٹرسٹی نیلوفر فرخ،کیوریٹر وحیدہ بلوچ اور ڈائریکٹر جنرل پارکس جنید اللہ خان کے علاوہ غیر ملکی سفارتکار، آرٹسٹ اور ممتاز شہری بھی موجود تھے انہوں نے بتایا کہ اس فیسٹیول میں 10 مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے مصوروں کے 40 سے زائد فن پارے شامل کیے گئے ہیں۔