زیارت (پی پی آئی) بلوچستان کے ضلع زیارت کے علاقے منگی ڈیم میں فرنٹیئر کور بلوچستان کی گاڑی پر دیسی ساختہ بم حملے کے نتیجے میں ایک میجر رینک کے افسر سمیت سیکیورٹی فورسز کے دو اہلکار شہید جب کہ تین اہلکار زخمی ہوگئے۔ جمعرات کواطلاعات کے مطابق زیارت کے علاقے منگی ڈیم میں فرنٹیئر کور بلوچستان کے 85 ونگ کی کوئیک رسپانس فورس کی گاڑی پر دیسی ساختہ بم حملہ کے نتیجے میں ایف سی کے میجر حسیب اور حوالدار نور احمد نے جام شہادت نوش کیا جب کہ سیکیورٹی فورسز کے 3 اہلکار حفیظ، عثمان اور نزاکت زخمی ہوگئے۔ علاوہ ازیں گزشتہ شب نامعلوم مسلح افراد نے دو افراد کو اغوا کیا تھاجمعرات کو زیارت کے علاقے منگی ڈیم سے ان کی لاشیں پھینک کر فرار ہو گئے۔