کراچی(پی پی آئی) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے دفاعی پیداوار اور برآمدات کا حجم بڑھانے کیلئے سرکاری اور نجی شعبے کے درمیان اشتراک عمل پر زور دیا ہے۔انہوں نے یہ بات دفاعی نمائش اور سیمینار آئیڈیاز2024 کے بارہویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جو آج ایکسپو سنٹر کراچی میں شروع ہوئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دفاع سمیت تمام شعبو ں میں منافع بخش سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں اور تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے انسانی سرمائے میں سرمایہ کاری اور اس صنعت میں ماہرین کیلئے کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے کا سلسلہ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔وزیر دفاع نے جغرافیائی تذویراتی ماحول کے حوالے سے کہا کہ آج سلامتی کے ماحول میں بڑھتی ہوئی مشکلات سے نمٹنے کے لئے وسیع تر تعاون کی ضرورت ہے تاکہ کثیر جہتی چیلنجز پرقابو پایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کی حیثیت سے ہمیشہ عالمی امن و استحکام کیلئے کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔جنوبی ایشیا کی جغرافیائی تذویراتی تبدیلی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ علاقائی ممالک کا مؤثر تعاون، علاقائی امن، سلامتی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے حصول کیلئے ناگزیر ہے۔