اسلام آباد(پی پی آئی) وفاقی وزیراطلاعات عطاتارڑ نے کہا ہے کہ ریاست تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے لیکن بشریٰ بی بی لاشیں گرانے کی منصوبہ بندی کے ساتھ آئی ہیں۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے عطاتارڑ نے مزید کہا کہ کرایہ کے لوگوں کو فرنٹ پر لایا گیا ہے اور یہ غریبوں کے بچوں کو ایندھن بنا رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ 9 مئی کے مقاصد کو دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔وزیراطلاعات نے سوال اٹھایا کہ پولیس اور رینجرز کے شہدا کا خون کس کے ہاتھ پر تلاش کریں؟ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ بیلاروس کیصدر کے دورے کو سبوتاڑ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور بلوچستان، پنجاب اور سندھ سے کوئی احتجاج کے لیے نہیں نکلا۔عطاتارڑ نے یہ بھی ذکر کیا کہ پیسے دے کر احتجاج کے لیے لائے گئے لوگوں کو ڈھال بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ بیلاروس کا وفد پاکستان کے اہم دورے پر ہے اور ریاست فسادیوں اور انتشاریوں کا کوئی مقصد پورا نہیں ہونے دے گی۔انہوں نے وضاحت کی کہ پی ٹی آئی قیادت کا مقصد لاشیں گرا کر سیاست کرنا ہے اور یہ لوگ ملک کی مستحکم ہوتی ہوئی معیشت کو گرانا چاہتے ہیں۔ عطاتارڑ نے کہا کہ ہم اسلام آباد کا امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔