اسلام آباد (پی پی آئی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاک قطر دوطرفہ تعلقات انتہائی مستحکم اور مضبوط ہیں۔ قطر نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔ترجمان گورنر سندھ کے اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں سلطنت قطر کے قومی دن کی تقریب میں کیا۔ گورنر سندھ جب تقریب میں پہنچے تو قطرکے سفیر علی بن مبارک الخاطر سمیت دیگر سفارتی عملہ نے پرتپاک خیر مقدم کیا۔ گورنر سندھ نے قطر کے سفیر کو گلدستہ دیا اور مبارک باد دی۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ قومی دن پر سلطنت قطر کے عوام کو مبارک باد دیتا ہوں۔ اس اہم موقع پر قطر کے سرمایہ کاروں کو صوبہ میں سرمایہ کاری کی دعو ت دیتاہوں۔ صوبہ کے پرکشش شعبے، اعلیٰ تعلیم یافتہ، تجربہ کار نوجوان افرادی قوت سرمایہ کاری کے لئے اہم ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ قطر سے تجارت میں اضافہ کے خواہشمند ہیں۔ تقریب میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے قطر ایئرویز کے ٹکٹ کی قرعہ اندازی بھی کی۔