کراچی(پی پی آئی) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بعض عناصر جان بوجھ کر سرکاری اداروں کی کارکردگی کو خراب کررہے ہیں، ان اداروں کو دوبارہ فعال بناکر سولر سسٹم اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ جیسے منصوبوں کے ذریعے عوام کو سہولیات فراہم کی جائیں گی، غیرقانونی قبضوں کے خاتمے، سرکاری اداروں کی بحالی اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے، شاہ رسول کالونی میں بینک نے 11 ہزار مربع گز زمین پر قبضہ کر رکھا ہے، کہیں پر کے ایم سی کا ذکرنہیں، مفت میں کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے کہ 17 ہزار روپے ناظر کو جمع کرواکر اسٹے لے لیا کہ کام کرنے سے نہ روکاجائے،عدالتی احکامات پر اورنگی نالے،گجر نالے پر بنی غیر قانونی تعمیرات اور نسلہ ٹاور کو گرادیا، جب الٰہٰ دین پارک کو گرادیا تویہ غیرقانونی قبضے کیوں نظر نہیں آتے؟ مجھ پر شعلہ بیانی کا الزام لگانے والے سن لیں اس شہر اور اس کے مکینوں کو ان کا حق دلوانے کے لئے لڑتا رہوں گا، پیپلزپارٹی کاعوام کے ساتھ گہرا رشتہ برقرار رہے گا،میرے لئے لازم ہے جو محنت کرے اسے بلا تفریق رنگ و نسل سلام پیش کروں،ہمارا صرف ایک پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ عوام کی خدمت کرنی ہے، لانڈھی میڈیکل کمپلیکس میں قائم مردہ خانہ کو فعال کرکے 58 میتوں کو غسل دینے اور رکھنے کی مفت سہولت فراہم کی گئی ہے، یہاں ائرکنڈیشننگ نظام کو بھی درست کیاگیا ہے،جنوری کے آخر تک اس مردہ خانے کو سولر سسٹم پر منتقل کر دیا جائے گا تاکہ بجلی کی بچت کے ساتھ کارکردگی مزید بہتر ہو سکے، یہ بات انہوں نے منگل کے روز لانڈھی میڈیکل کمپلیکس میں قائم مردہ خانہ کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد،پارلیمانی لیڈر سٹی کونسل کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز عمران صمدانی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لانڈھی میڈیکل کمپلیکس ڈاکٹر بابر خان، فوکل پرسن برائے میئر کراچی ڈاکٹر مہوش مٹھانی اور دیگر بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ کروڑوں روپے خرچ کرنے کے باوجود لانڈھی میڈیکل کمپلیکس میں مردہ خانہ موجود تو تھا لیکن غیرفعال تھا، تختیاں موجود تھیں لیکن کام نہیں ہورہا تھاجس کے باعث علاقے کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا تھا،، ہمیں اب تصاویر سے آگے نکل کرکام کرنا ہوگا، انہوں نے کہاکہ اورنگی نالہ، گجر نالہ اور دیگر جگہوں پر عدالتی احکامات کے تحت غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں کی جا چکی ہیں،مزید غیر قانونی قبضے بھی ختم کرائے جائیں گے