گوادر (پی پی آئی) گوادر کے علاقے میرین ڈرائیو پر پاک ایران بزنس پوائنٹ کی بندش کے خلاف گوادر میں آل پارٹیز گوادر کے احتجاجی دھرنے سے گوادر میں معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے۔اطلاعات کے مطابق آل پارٹیز الائنس کے زیراہتمام گزشتہ ایک ہفتے سے گوادر کے علاقے میرین ڈرائیو میں اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی دھرنا جاری ہے جس سے گوادر کے شہریوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں۔ گوادر میں تمام جماعتیں پاکستان اور ایران کے درمیان کاروبار کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی دھرنا دے رہی ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مظاہرین کا کہنا تھا کہ گوادر کے شہریوں کا انحصار سرحدی تجارت پر ہے، پاک ایران سرحد کی بندش سے گوادر کے شہری روزی روٹی سے محروم ہو گئے ہیں۔ پاک ایران کے ساتھ کنتانے حور بزنس پوائنٹ پر ٹوکن سسٹم متعارف کرانے کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے ٹوکن سسٹم کو پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت کی راہ میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے گوادر میں بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹوکن سسٹم ختم کیا جائے اور پاک ایران سرحد پر تجارت بحال کی جائے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما ایم پی اے رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ پاک ایران سرحد کی بندش مکران ڈویڑن بشمول تربت، گوادر اور پجگور کے شہریوں کو ذریعہ معاش سے محروم کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے آل پارٹیز کے کارکنوں اور گوادر کے شہریوں سے آل پارٹیز کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کی اپیل کی۔