کراچی(پی پی آئی)سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں پیر سے “ٹوگیدر وی شائن” کے عنوان سے 2 روزہ ”ایس ایم آئی یو اسٹوڈنٹس گالا-2024“ شروع ہوا۔ اس کا افتتاح وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی نے ربن کاٹ کر کیا۔ اس کے بعد، انہوں نے طلباکی طرف سے لگائے گئے اسٹالز کا دورہ کیا جس میں سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کی ثقافت کی عکاسی کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ وہ مختلف پراڈکٹس اور کھانے کے اسٹالس پر گئے جہاں پر طلبانے مختلف پروجیکٹس کی نمائش کی۔سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے اعلامیہ کے مطابق یہ میگا ایونٹ یونیورسٹی میں سالانہ فیسٹیول کی طرحہے، جس کا اہتمام ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز اینڈ کونسلنگ (ڈی ایس اے) نے طلبہ کی سوسائٹیوں کے تعاون سے کیا وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی یونیورسٹیوں کے مقابلے اس ملک کی پبلک سیکٹر کی یونیورسٹیاں ملک کے زیادہ تر طلباء کو تعلیم و تربیت فراہم کرنے میں بہت بڑا کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کی یونیورسٹیوں کے درمیان فیس کے ڈھانچے اور سہولیات میں بھی بہت بڑا فرق ہے ڈاکٹر مجیب صحرائی نے مزید کہا کہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی پبلک سیکٹر کی یونیورسٹی ہونے کے ناطے ملک میں کام کرنے والی نجی شعبے کی بہت سی یونیورسٹیز سے بہتر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی مادر علمی کے ساتھ وابستہ ہونے کی وجہ سے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے طلبااور دیگر اسٹیک ہولڈرز پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پوری لگن اور ایمانداری سے قوم و ملک کی خدمت کریں۔۔قبل ازیں ڈی ایس اے کے ڈائریکٹر محمد نعیم احمد نے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ یہ متحرک تقریب طلباکی بہترین صلاحیتوں، اختراعات اور تفریح کو یکجا کرتی ہے۔تقریب کے دوران ثقافتی لباس میں ملبوس طلبانے ملک کے مختلف صوبوں کے لوک گیتوں پر پرفارم کیا اور خوب داد وصول کی۔