حیدرآباد (پی پی آئی) حکومت سندھ کے سندھ پولیس سمیت مختلف شعبہ جات اور بین الاقوامی سماجی تنظیموں کے تعاون سے حیدرآباد میں صنفی تشدد کی روک تھام اور متاثرہ خواتین کو تحفظ فراہم کر کے تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کرنے کے لیئے حیدرآباد میں ون اسٹاپ پروٹیکشن سینٹر کا افتتاح کردیا گیاہے۔ آٹوبھان روڈ پر واقع خواتین پولیس اسٹیشن میں ون اسٹاپ پروٹیکشن سینٹر کا افتتاح ایڈیشنل چیف سیکریٹری محکمہ داخلہ محمد اقبال میمن نے ربن کاٹ کرکیا اور سینٹر کی کامیابی کے لیئے دعا کی۔ اس موقع پرصوبائی وزیر ترقی نسواں شاہینہ شیر علی،ڈی آئی جی پی کرائم اینڈانویسٹیگیشن عامر فاروق,ڈپٹی سیکریٹری محکمہ داخلہ صائمہ فاطمہ بلوچ، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن, یونائٹیڈ نیشن پاپولیشن فنڈ کے سندھ ریجنل ہیڈ مقدر شاہ, بین الاقوامی سماجی تنظیم پاتھ فائینڈر انٹرنیشنل کی ریزیڈنٹ ڈائریکٹر مدیحہ لطیف, پالیسی مینیجر پاتھ فائینڈر انٹرنیشنل روبینہ بروہی و دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر ترقی نسواں شاہینہ شیر علی نے کہاکہ سندھ میں خواتین پر صنفی تشدد کے بڑھتے ہوئے کیسز کے خلاف ون ونڈو سینٹر کی حمایت کرتی ہوں اور اس سینٹر سے متاثرہ خواتین کے تمام تر مسائل حل ہوں گے، ڈی آئی جی پی کرائم انویسٹیگیشن عامر فاروق نے کہا ہم نے خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیئے وومین پولیس اسٹیشن کو ون اسٹاپ پروٹیکسن سینٹر میں تبدیل کردیاہے۔ اس سینٹر کے ذریعے کسی بھی متاثرہ خاتون کو ایک چھت کے نیچے انصاف کی فراہمی ممکن ہوگی متاثرہ خواتین اس سینٹر کے ذریعے اپنے نئے سفر کا آغاز کرسکے گی۔