کراچی(پی پی آئی)قائد اعظمؒ اکادمی قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن حکومت پاکستان کے تحت قائد اعظم محمد علی جناحؒؒکے 148ویں یوم ولادت کے موقع پر قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے اور نئی نسل کو آگاہی دینے کے سلسلے میں قائد اعظم اکادمی کے زیر اہتمام انجمن اساتذہ پاکستان کراچی کے اشتراک سے امام ربانی انٹرنیشنل ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے آڈیٹوریم میں قائد اعظم اور آج کا پاکستان کے موضوع پر پینل ڈسکشن کا انعقاد ہوا جس کی صدارت منور علی مہیسر ڈائریکٹر جنرل محکمہ ثقافت حکومت سندھ نے کی اور مہمان خصوصی پروفیسر حکیم نصر علی عسکری تھے اسی طرح پروگرام کوآرڈینیٹر عبد الماجد فاروقی تھے جبکہ تعارفی کلمات زاہد حسین ابڑو انچارج قائد اعظم اکادمی نے ادا کئے، اظہار تشکر و دعا سائیں ظفر احمد نقشبندی نے کی۔ قائد اعظمؒ اکادمی کے اعلامیہ کے مطابق پینل ڈسکشن میں کہا گیا کہ قائد کا اتحاد اور رواداری کا پیغام آج بھی اتنا ہی ضروری ہے جتنا ان کی زندگی میں تھا ہمیں قائد کے وڑن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تعلیم کو ترجیح دینی چاہیے مقررین نے کہا کہ قائد اعظمؒ نے ایک ایسے پاکستان کا تصور کیا جہاں ہر شہری خواہ اس کا تعلق کسی بھی مذہب، ذات پات سے ہو، عزت اور احترام کے ساتھ پیش آئے گا اور اس حوالے سے قائد اعظم کی 11 اگست 1947 کی تقریر ایک شاندار تقریر ہے۔