کراچی(پی پی آئی) بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پانی کے مسائل اور کمی پر کچھ لوگ سیاست کر رہے ہیں، حب کی نئی کینال سے اگلے سال اگست سے پانی کی فراہمی شروع ہو جائے گی، پورے شہر میں ترقیاتی کام کرائے، جو فرشتے الزام لگا رہے ہیں ان سے پوچھیں کہ نو ٹاؤنز میں انہوں نے کیا کام کیا ہے،ریڈ لائن ہماری حکومت کے لئے شرمندگی کا باعث بن رہا ہے، بورڈ کی میٹنگ میں ٹرانس کراچی کے حوالے سے بات کروں گا، قائدا عظم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں پر عمل کرکے شہر اور ملک کو ترقی دی جاسکتی ہے،اس ملک کو قائد اعظم کے اصولوں کو اپنا کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے،مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتا ہوں،مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں، پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے 148 ویں یوم ولادت کے موقع پر ان کے مزار پر حاضری اور شہریوں کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھانے اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سٹی کونسل میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان اور دیگر منتخب نمائندے بھی موجود تھے،، انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے والوں کے دعوے کے برعکس کراچی میں پانی وافر مقدار میں موجود ہے، پچاس ہزار گیلن پانی ٹینکرز کے ذریعے بابا بھٹ جزیرے پر پہنچایا گیا، پانی کو ٹینکرز سے نکال کر سڑکوں پر ضائع کرکے کیا پیغام دیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ٹرانس کراچی میرے ماتحت نہیں آتا،کل ٹرانس کراچی کے اجلاس میں پوچھوں گا کہ بتایا جائے کہ ریڈ لائن کب مکمل ہو گی