کراچی6جنوری(پی پی آئی) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے رہنما سردار ذوالفقار،کلیم اللہ،قیوم شعبان،سجاول مروت،زاہد جمیل ودیگر نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ شہر قائد کی روشنیاں او ررونقیں بحال کرنے کے لئے بھرپور ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ شہریوں کو بہترین ٹرانسپورٹ،طبی سہولیات،تعلیم،بجلی، گیس اور پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ میئر کراچی باتوں کے علاوہ اب کام بھی کرلیں۔کراچی کی معاشی قوت سے ملک کی کفالت ہوتی ہے اسے مضبوط، خوشحال اور امن کا گھر بنانے کے لئے تمام مصلحتوں کو بالائے طاق رکھ کر جدوجہد کی ضرورت ہے۔ پاسبان کے دیرینہ مطالبہ کے مطابق کراچی کو چارٹرڈ سٹی کا آئینی درجہ دیا جائے۔چارٹرڈ سٹی کا درجہ دینے سے کراچی کے وسائل کراچی پرزیادہ خرچ ہوں گے اور کراچی کے عوام باالخصوص متوسط طبقے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جاسکے گا۔ کراچی کے ترقیاتی کام مکمل، معیشت مضبوط اور عوام خوشحال ہوگی۔کراچی کے وسائل سے ہی سندھ کے دیہاتوں کی حالت بہتر کی جائے گی اور اسی طرح ملک بھر کی ترقی کے لئے کراچی کے وسائل سے ہی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ عوام کو عزت،روزگار اور پینے کا صاف و شفاف پانی ملے گا۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نہ صرف نجات ملے گی بلکہ ہرضلع میں بجلی گھر قائم ہوگا۔ شہری کراچی کے پولیس چیف کو خود منتخب کریں گے، جدید عدالتی نظام کی تشکیل کے ذریعے انصاف گھر کی دہلیز پر ملے گا۔ جرائم ختم ہوں گے،سرکاری اسپتالوں میں علاج مفت ہوگا۔ تعلیم کا معیار ترقی یافتہ ملکوں کے ہم پلہ ہوگا۔ رشوت خوری ختم اور نوکریاں میرٹ پر ملیں گی۔ ذاتی کاروبار اور خوشحالی کے زبردست مواقع پیدا ہوں گے۔ شہریوں کو،ٹوٹے ہوئے گٹر اور ٹوئی پھوٹی سڑکوں سے نجات ملے گی۔ نوجوانوں کا مستقبل روشن ہوگا۔ شہر کے مسائل کا حل اور ملک کی تیز رفتار خوشحالی کا راز کراچی کو چارٹرڈ سٹی کا آئینی درجہ دینے میں ہے