حیدرآباد 8جنوری (پی پی آئی) ڈپٹی کمشنرحیدآباد زین العابدین میمن کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر قاسم آباد حنیف سیال، مختیارکار قاسم آباد فرحان جتوئی اوراسسٹنٹ کمشنر لطیف آباد سعود بلوچ، مختیار کار علی شیر بدرانی کی نگرانی میں قاسم آباد اور لطیف آباد میں انسداد تجاوزات کاروائی آج دوسرے روز بھی جاری رہی- ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن کے مطابق صورتحال کیسی بھی ہوہر حال میں ریاستی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور میں ذاتی طور پرانسدادتجاوزات کاروائی کی نگرانی کر رہا ہوں.انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز تجاوزات کے خلاف کاروائی کے دوران قابضین کی جانب سے مزاحمت کی گئی تھی اس کے باوجود بھی آج پولیس انتظامیہ اوردیگرمتعلقہ محکموں کی مشترکہ کاوشوں سے قاسم آباد کے وادھو واہ کی بحالی کے سلسلے میں بھاری مشینری کے ذریعے غیر قانونی پختہ عمارتوں کو منہدم کیا جا رہا ہے جبکہ آٹو بھان روڈ پربھی انسداد تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھاری مشینری کے ذریعے کارروائی کی جارہی ہے – انہوں نے بتایا کہ کاروائی کا مقصدقاسم آباد اور لطیف آباد سے تجاوزات کا مکمل خاتمہ کرنا ہے۔