کراچی 8 جنوری(پی پی آئی) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان میں میڈیکل کے حوالہ سے آج ایک انقلابی دن ہے۔آغا خان یونیورسٹی کو اس شاندار اقدام پر مبارک باد پیش کرتاہوں۔ آغا خان یونیورسٹی کے تعاون سے جامع مینول کلینیکل پریکٹس گائیڈ لائنز تیار ی خوش آئند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آغا خان یونیورسٹی کی تقریب میں کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف تھے جبکہ تقریب میں ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب دیگر وفاقی وزارت اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ اس موبائل ایپلی کیشن سے ملک بھر کے سرکاری، نجی میڈیکل اداروں کو بھرپور فائدہ حاصل ہوگا۔ یہ ایپلی کیشن مریضوں کی دیکھ بھال میں معیاری اور موثر طریقہ کار کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ گائیڈ لائنز مختلف طبی حالات کے تشخیص اور علاج کے لئے بہترین طریقوں کی وضاحت کرتی ہیں۔ اس ایپلی کیشن سے علاج کی موثریت میں اضافہ اور غلطیوں کے امکانات کم ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ گائیڈ لائنز کو وقتاً فوقتاً تازہ کاری کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ وہ جدید طبی تحقیق اور تجربات کے مطابق رہیں۔