غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بلاامتیاز و تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے:میئر کراچی

 کراچی16جنوری (پی پی آئی) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں ہونے والی سرگرمیوں کو قوانین کے دائرہ کار میں لانے کے لئے ہرممکن قدم اٹھایا جائے گا، کسی کو خلاف قانون سرگرمیاں کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کراچی کو بہتر بنانے کے لئے متعلقہ بلدیاتی قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کرانے کے لئے ہر سطح پر اقدامات جاری رہیں گے، میئر کراچی نے ڈائریکٹر انفورسمنٹ اینڈ امپلی مینٹیشن شفیق شاہ کو ہدایت کی ہے کہ تمام علاقوں میں بلاامتیاز و تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے اور کسی دباؤ میں آئے بغیر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف اقدامات اٹھائے جائیں، انہوں نے کہا کہ جو تعمیرات قوانین  اور ایس بی سی اے سے پاس شدہ نقشے کے مطابق ہوں اور تمام چالانوں کی رقم ادا کی ہوئی ہو ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں ہونی چاہئے، محکمہ نے جمعرات کے روز کارروائی کرتے ہوئے گلشن اقبال میں قواعد و ضوابط کے خلاف تعمیرات کو رکوا دیا اور تعمیراتی کام کے لئے استعمال ہونے والا سامان اپنے قبضے میں لے لیا، کراچی کے ہر ضلع میں خلاف قانون کاموں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، انہوں نے کہا کہ محکمہ انفورسمنٹ اینڈ امپلی مینٹیشن کو اس حوالے سے سخت ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ بلدیاتی قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور جو بھی ان قواعد کی خلاف ورزی کا مرتکب ثابت ہو اس کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے، میئر کراچی نے کہا کہ شہر کو بہتر بنانے اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے ایسے اقدامات ناگزیر ہیں لہٰذا ان معاملات پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا،  میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ایک بیان میں کہا کہ تجاوزات شہر کے حسن کو بگاڑتی ہیں اور قبضہ مافیا کی اس سے حوصلہ افزائی ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ عوام کو اس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ وہ تجاوزات قائم نہ کریں، عمارات کو نقشے کے مطابق تعمیر کریں تاکہ کسی بھی قسم کے نقصان سے بچا جاسکے، انہوں نے کہا کہ عمارات تعمیر کرتے وقت اس بات کا بھی خیال رکھا جائے کہ جتنی منزل کی اجازت لی گئی ہے اتنی ہی تعمیر کریں، انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کا شہر ہے اور اس شہر کو خوبصورت اور قواعد و ضوابط کے مطابق بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Next Post

بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں سیاسی سرگرمیوں پر پابندی ختم کی جائے:اسلامی جمعیت طلبہ

Thu Jan 16 , 2025
کوئٹہ، 16 جنوری (پی پی آئی) اسلامی جمعیت طلبہ بلوچستان کے ناظم بہادر خان کاکڑ نے جمعرات کے روز حکام سے صوبے کے تعلیمی اداروں میں سیاسی سرگرمیوں پر پابندی واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کالجز، ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ بلوچستان کی جانب سے […]