کاکامی گاہارا: ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے فاتحانہ آغاز کر لیا ، کپتان محمد عمران کی ہیٹ ٹرک نے عمان کے خلاف آٹھ صفر کی فتح دلا دی۔جاپان کے شہر کاکامی گا ہارا میں ایشین ہاکی چیمپئز ٹرافی کا ایونٹ میں پاکستان نے افتتاحی میچ میں زبردست فتح سمیٹ کر روایتی حریف بھارت سمیت تمام ٹیموں کے خلاف خطرے کی گھنٹی بجادی۔عمان کے خلاف ایونٹ کے پہلے میچ میں گرین شرٹس نے جارحانہ کھیل پیش کیا ، آٹھ صفر کے نتیجے نے افتتاحی مقابلے کو یکطرفہ بنا دیا۔ کپتان محمد عمران نے گولز کی ہیٹ ٹرک کی،دلبر حسین اور سلمان حسین نے 2،2 جبکہ محمد توثیق نے ایک گول کیا، فاتح ٹیم کا تین نومبر کو چین سے جوڑ پڑے گا۔روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ سات نومبر کو شیڈول ہے، ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا فیصلہ کن معرکہ دس نومبر کو ہو گا۔