لاہور(پی پی آئی)سابق وزیراعظم شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کو مقامی ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا، ان کو لندن منتقل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے تاہم لندن جانے کا حتمی فیصلہ ڈاکٹرز کی اجازت کے بعد ہی کیا جائے گا۔۔پی پی آئی کے مطابق نصرت شہباز کو ایک ہفتہ نجی ہسپتال میں زیرعلاج رکھنے کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ مزید علاج کیلئے ڈاکٹرز کی اجازت کے بعد لندن منتقل کرنے کا فیصلہ کیا جائیگا
ایتھلیٹکس چیمپئن شپ:3000میٹر ریس کینیا کے ایزیکیل کیمبوئی نے جیت لی
سنسناٹی اوپن :رافیل نڈال اورراجرفیڈررکوارٹرفائنل میںپہنچ گئے
فٹبال کلب سوانسی سٹی کے کھلاڑی جوناتھن پریکٹس میچ کے دوران شدید زخمی ہوگئے
وسیم اکرم اپنی آسٹریلوی منگیترکے ہمراہ عید منانے پاکستان پہنچ گئے
انٹر کانٹی نینٹل کپ : افغانستان نے نمیبیا کو 10وکٹوں سے ہرا دیا
ایشیاءہاکی کپ : قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر
تازہ ترین خبریں
- April 25, 2026
- April 22, 2026
- April 22, 2026
اشتہار
تازہ ترین
معروف گلوکار اسد عباس انتقال کر گئے
فیصل آباد (پی پی آئی) طویل عرصہ سے گردوں کی بیماری میں مبتلا معروف گلوکار اسد عباس انتقال کرگئے، انتقال کی تصدیق گلوکار کے بھائی حیدر عباس کی جانب سے کی گئی ہے، پی پی آئی کے مطابق تمغہ امتیاز کے حامل اسد عباس طویل عرصہ سے گردوں کا علاج کر وا رہے تھے، گزشتہ رات وہ بیماری بڑھنے سے کومہ میں چلے گئے اور بعدازاں خالق حقیقی سے جاملے۔۔
اقرامنشاکے اثاثوں کی مالیت تقریبا ایک ارب ڈالر سے زائد
اسلام آباد (پی پی آئی )پاکستان کی ارب پتی کاوباری شخصیات کا تذکرہ پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض اور میاں منشا کے بغیر مکمل نہیں ہوتاآپ کو جان کر حیرت ہو گی کہ پاکستان کی ایک خاتون کے اثاثوں کی مالیت تقریبا ایک ارب ڈالر سے زائد ہے اور وہ میاں عمر منشا کی اہلیہ اقرامنشا ہیں، میاں عمر منشا پاکستان کی دوسری امیر ترین شخصیت میاں منشا کے بیٹے ہیں۔اقرا منشا نشاط ہوٹلز اور پراپرٹیز کی سی ای او ہیں جو کہ نہ صرف پاکستان میں بلکہ لندن میں بھی فائیو سٹار ہوٹلز کے انتظامی امور سنبھالتی ہیں۔ اقرا اس وقت متعدد کمپنیوں کی حاضر ڈائریکٹر ہیں ان کے اثاثوں کے بارے میں حتمی اعدادو شمار تو منظر عام پر نہیں لیکن ایک اندازے کے مطابق ان کے اثاثوں کی مالیت ایک ارب امریکی ڈالرز کے لگ بھگ ہے۔
احسن اقبال کیخلاف توہین عدالت کی درخواست خارج
اسلام آباد (پی پی آئی)سپریم کورٹ نے سابق وزیر احسن اقبال کیخلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کردی، عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ احسن اقبال نظم و ضبط والے انسان ہیں۔پی پی آئی کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 2رکنی بنچ نے سماعت کی، عدالت نے کہاکہ احسن اقبال نے 2018میں سیمینار میں کہا کہ انکی بھی عزت نفس کا تحفظ ہونا چاہئے،نہیں سمجھتے کہ کچھ ایسا کہا گیا جس کو توہین عدالت کے طور پر دیکھا جائے۔درخواست گزار محمود نقوی نے کہاکہ میرامدعا یہ ہے کوئی بھی آئین و قانون سے بالاتر نہیں ہے، چیف جسٹس پاکستا ن نے درخواست گزارسے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ عدالت کے سامنے تقریر نہ کیجیے،سپریم کورٹ کا توہین عدالت کااختیار عام استعمال کیلئے نہیں ہے،احسن اقبال نے جذباتی تقریر میں کہہ دیا تھا ان کی عزت بھی کسی جج یا جرنیل کے برابر ہے،میری نظر میں احسن اقبال بڑے سنجیدہ اور دانشور ہیں،یہ عدالت کو طے کرنا ہوتا ہے کہ توہین ہوئی یانہیں۔
تلاش کریں
خبریں

ایتھلیٹکس چیمپئن شپ:3000میٹر ریس کینیا کے ایزیکیل کیمبوئی نے جیت لی
(August 16, 2013)
ماسکو( پی پی آئی)ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی تین ہزار میٹر ریس کینیا کے ایزیکیل کیمبوئی نے جیت لی۔ چار سو میٹر ریس ٹرنیڈاڈ اینڈ ٹوباکو کے جیہو گورڈون کے نام رہی۔روس کے شہر ماسکو میں جاری ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مینز چار سو میٹر ریس میں ٹرنیڈاڈ اینڈ ٹوباکو کے جیہو گورڈون نے امریکہ کے مائیکل ٹینسلے کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے پہلے فنشنگ لائن عبور کی۔ گورڈون نے مقررہ فاصلہ سنتالیس اعشاریہ چھ نو سیکنڈر میں طے کیا۔مردوں کی تین ہزار میٹر کی ریس میں کینیا کے ایزیکل کیمبوئی سب سے نمایاں رہے۔ انہوں نے ریس کے آغاز میں برتری حاصل کی اور مقررہ فاصلہ آٹھ منٹ چھ اعشاریہ صفر ایک سیکنڈز میں طے کرکے کامیابی حاصل کرلی۔ خواتین کی چار سو میٹر رکاوٹوں کی دوڑ میں چیک ری پبلک کی زوزانا ہیجنووا نے امریکہ کی ڈالیلاح محمد کو پیچھے چھوڑتے ہوئے گولڈ میڈل سینے پر سجایا۔ چیک کھلاڑی نے تیز رفتار دوڑتے ہوئے مقررہ فاصلہ باون اعشاریہ آٹھ تین سیکنڈز میں مکمل کیا۔ خواتین کے پندرہ سو میٹر دوڑ میں سوئیڈن کی ابیبا اریگاوی اور امریکہ کے جنیفر سیمسن کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔ ابیبا نے مقررہ فاصلہ چار منٹ، دو اعشاریہ چھ سات سیکنڈز کے وقت کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ مینز ہائی جمپ ایونٹ میں یواکرائن کے بوہدان بوندارینکو نے دو اعشاریہ چار ایک میٹر اونچی جمپ لگا کر سونے کا تمغہ جیتا۔ قطر کے موتاز ایسا دوسرے نمبر پر رہے۔ خواتین کی ٹرپ جمپ مقابلے میں کولمبیا کی سیٹرین ابرگین فاتح رہیں۔ انہوں نے چودہ اعشاریہ آٹھ پانچ میٹر طویل جمپ لگا کر گولڈ میڈل سینے پر سجایا۔

سنسناٹی اوپن :رافیل نڈال اورراجرفیڈررکوارٹرفائنل میںپہنچ گئے
(August 16, 2013)
سنسناٹی ، اوہائیو( پی پی آئی)سابق عالمی نمبر ایک اسپین کے رافیل نڈال اور سوئیٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے سنسناٹی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔امریکی ریاست اوہائیو میں جاری ٹورنامنٹ کے تیسرے راونڈ میں اسپین کے رافیل نڈال نے بلغاریہ کے گریگور دمیتروو کو تین سیٹ کے دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ نڈال نے پہلا سیٹ چھ دو سے جیتا۔ دوسرے سیٹ میں انہیں سات پانچ سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ تیسرے سیٹ میں اسپینش اسٹار نے چھ دو سے فتح سمیٹ کر میچ اپنے نام کرلیا۔دوسرے میچ میں سوئیٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے جرمنی کے ٹامی ہاس کے پہلے سیٹ میں ناکامی کے باوجود کامیابی حاصل کرلی۔ فیڈرر کو پہلے سیٹ میں چھ ایک سے ناکامی ہوئی۔ جس کے بعد سوئس کھلاڑی نے کم بیک کیا اور یکے بعد دیگرے دو سیٹ سات پانچ اور چھ تین سے جیت کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی اسپین کے ڈیوڈ فیرر کو روس کے دمیتری ترسنوو کے ہاتھوں اسٹریٹ سیٹس میں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ روسی کھلاڑی کی فتح کا اسکور چھ دو اور چھ چار رہا۔ جنرل ساونڈ برطانیہ کے اینڈی مرے نے فرانس کے جوالین بینیتو کو زیر کرکے اگلے راونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔ انگلش کھلاڑی نے دونوں سیٹ چھ دو کے اسکور سے اپنے نام کیے۔

فٹبال کلب سوانسی سٹی کے کھلاڑی جوناتھن پریکٹس میچ کے دوران شدید زخمی ہوگئے
(August 15, 2013)
ایمسٹرڈیم( پی پی آئی)فٹبال کلب سوانسی سٹی کے کھلاڑی جوناتھن ڈی گزمین پریکٹس کے دوران زخمی ہو گئے۔ ساتھی کھلاڑی کی ٹکر نے ان کا مانچسٹر یونائیٹڈ کے خلاف اِن ایکشن ہونے کا خواب چکنا چور کر دیا۔ ہالینڈ میں پرتگال کے خلاف دوستانہ فٹبال میچ کے لیے شیڈول پریکٹس کے دوران مڈ فیلڈر فٹبالر جوناتھن ڈی گزمین اپنے ساتھی کھلاڑی ڈرک کیوٹ سے ٹکرا کر زخمی ہوگئے۔ ٹکرانے کے باعث ان کے سر پر گہری چوٹ آئی۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ڈاکٹروں نے انہیں دو ہفتے آرام کرنے کا کہا ہے۔ زخمی ہونے کے باعث مِڈ فیلڈر کے ہفتے کو مانچسٹر یونائیٹڈ کے خلاف اپنا زور بازو دکھانے کا خواب ادھورا رہ گیا۔

وسیم اکرم اپنی آسٹریلوی منگیترکے ہمراہ عید منانے پاکستان پہنچ گئے
(August 7, 2013)
کراچی( پی پی آئی)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم اپنی منگیتر شنیرہ تھامپسن کے ہمراہ عید منانے پاکستان پہنچ گئے، شنیرہ نے پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔وسیم اکرم نے آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی تیس سالہ شنیرہ تھامپسن کو دو ماہ قبل شادی کی پیش کش کی تھی۔شنیرہ اور ان کے والدین کی رضا مندی کے بعد وسیم اکرم نے اس کا میڈیا میں اعلان کر دیا۔وسیم اکرم اپنی منگیتر اور اپنے دونوں بیٹوں کے ہمراہ برطانیہ سے عید منانے پاکستان پہنچے۔کراچی ائیرپورٹ پر خصوصی گفتگو میں شنیرہ تھامپسن نے کہا کہ وہ پاکستان آمد پر خوشی محسوس کر رہی ہیں۔سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ وطن آمد پر لوگوں نے انہیں بہت پیار دیا ہے۔وسیم اکرم آئندہ سال شنیرہ تھامپسن سے شادی کریں گے،ان کی پہلی بیوی ہما دو ہزار نو میں انتقال کر گئی تھیں۔وسیم اکرم کراچی میں عید گزارنے کے بعد والدین سے ملنے لاہور بھی پہنچیں گے۔

انٹر کانٹی نینٹل کپ : افغانستان نے نمیبیا کو 10وکٹوں سے ہرا دیا
(August 7, 2013)
نمیبیا( پی پی آئی)آئی سی سی انٹر کانٹی نینٹل کپ کے تین روزہ میچ میں افغانستان نے نمیبیا کو 10 وکٹ سے ہرا دیا،عزت اللہ کی ہیٹ ٹرک نے میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔نمیبیا میں انٹر کانٹی نینٹل کپ کے دلچسپ میچ میں افغانستان اور میزبان ملک کی ٹیمیں میدان میں اتریں،تین روزہ میچ میں افغانستان کے 354 رنز کے جواب میں نمیبیا کے کھلاڑی 190 رنز پر ڈھیر ہو گئے۔دوسری اننگز میں افغانی بولرز کی تباہ کن باﺅلنگ نے میزبان ٹیم کو 168 تک محدود کر دیا۔اس طوفانی بولنگ میں عزت اللہ دولت زئی کی شاندار ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی،5 رنز کا ہدف افغان ٹیم نے بغیر کسی نقصان پورا کر لیا۔

ایشیاءہاکی کپ : قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر
(August 7, 2013)
لاہور( پی پی آئی)ایشیاءہاکی کپ کے لیے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا پہلا مرحلہ اختتام کو پہنچ گیا۔کھلاڑی اور ٹیم مینجمنٹ تیاریوں سے مطمئن دکھائی دیئے۔نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں دو ہفتے جاری رہنے والے کیمپ کا پہلا مرحلہ گزشتہ روز ختم ہو گیا۔کوچ طاہر زمان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے کے لیے جو ہدف رکھے تھے وہ پورے ہوئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ کیمپ میں اپنی خامیاں دور کرنے کے ساتھ ویڈیو کے ذریعے حریف ٹیموں کی خامیاں بھی نوٹ کی ہیں۔ کپتان محمد عمران بھی کیمپ میں کھلاڑیوں کی لگن سے خوش ہیں۔ان کا کہنا ہیں کہ شاٹ کارنر پر سخت محنت ہوئی اور اس شعبے میں کافی حد تک خامیوں پر قابو بھی پایا ہے۔عید کے بعد کھلاڑی گیارہ اگست کو دوبارہ لاہور میں اکھٹے ہوں گے۔دوسرا مرحلہ انیس اگست تک جاری رہے گا،ملائیشیا میں ہونے والا ایشیا کپ کا میلہ چوبیس اگست کو شیڈول ہے۔
