لاہور: آئی سی سی کے سابق صدر احسان مانی کا کہنا ہے کہ بھارت، انگلینڈ اورآسٹریلیا ایسوسی ایٹس ممالک کے30 کروڑ ڈالر کا فنڈز ہڑپ کرنا چاہتے ہیں جو ایسوسی ایٹ ممالک کے ساتھ زیادتی ہے۔ ایک انٹرویومیں احسان مانی کا کہنا تھا کہ اس سے بڑھ کے اورکوئی زیادتی نہیں ہوسکتی کہ ایسوسی ایٹ ممالک کے ترقیاتی فنڈزمیں 30 کروڑ ڈالر کم کرکے بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا کو دے دیئے جائیں۔ ان تینوں ممالک کو پیسے کی کیا کمی ہے جبکہ ایسوسی ایٹ ممالک کو اپنی کرکٹ کی ترقی کے لیے پیسے ہی کی ضرورت ہوتی ہے۔ احسان مانی کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا آئی سی سی کے اگلے اجلاس سے قبل حالات اپنے حق میں کرنے کے لیے سری لنکا اور بنگلہ دیش پردباﺅ ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیزکو زیادہ سے زیادہ دو طرفہ سیریز کھیلنے کی یقین دہانی پہلے ہی کرائی جا چکی ہے۔