آئی سی سی میں بگ تھری کی اجارہ داری قائم کردی گئی

سنگاپور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے تشکیل نو کا منصوبہ اکثریت سے منظور کر لیا۔ اب کرکٹ کی عالمی تنظیم پر تین بڑوں کی اجارہ داری ہو گی۔اجلاس میں آئی سی سی کے دس ممالک بورڈز کے سربراہان اکٹھے ہوئے۔ اجلاس کے اختتام پر متنازعہ مسودے یعنی “بگ تھری ” معاملے پر ووٹنگ کی گئی۔ تین بڑوں کا ساتھ دینے کے لیے پہلے ہی سات بورڈز اپنے ہتھیار ڈال چکے تھے۔ آخری لمحات میں جنوبی افریقا نے بگ تھری کے حق میں ووٹ دیکر پوزیشن پیپر کی منظوری میں اہم کردار ادا کیا۔ آئی سی سی سے جاری شدہ اعلامئے کے مطابق پاکستان اور سری لنکا نے منصوبے پر دستخط نہیں کیے۔ تاہم نئی ایگزیکٹو کمیٹی رواں سال جولائی سے اپنا کام شروع کرے گی۔ اجلاس میں بگ تھری سے متعلقہ تجاویز پر فیصلے کیے گئے۔ آئی سی سی کے آئندہ سربراہ بی سی سی آئی کے چیف سری نواسن ہونگے۔ فنانس اور کمرشل کمیٹیوں کی سربراہی انگلینڈ کو مل گئی جبکہ نئی ایگزیکٹو کمیٹی کی سربراہی آسٹریلیا کے حصے میں آگئی۔ بگ تھری منصوبے کی منظوری کے بعد کرکٹ آمدن پر بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا کا زیادہ حصہ ہو گا۔ اجلاس میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی جگہ چیمپئنز ٹرافی دوبارہ سے شروع کروانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

Latest from Blog