نقل کی روک تھام کے لیے والدین اور اساتذہ کو کردار ادا کرناہوگا :ڈی سی میر پور خاص

میرپورخاص: ڈویژنل کمشنرمیرپورخاص ساجد جمال ابڑو نے کہا ہے کہ امتحانات میں نقل کی روک تھام کے لیے والدین اور اساتذہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ نوجوان اپنی محنت سے معیاری تعلیم حاصل کرسکیں ۔ان خیالات کا اظہار انھوںنے نویں اور دسویں جماعت کے شروع ہونے والے امتحانات کے سلسلے میں میرپورخاص کے مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دورے کے دوران کیا ۔ کمشنر نے اساتذہ کو ہدایت کی کہ امتحانی مراکز میںنقل کا موا دلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ۔ اس موقع پر انھوں نے طلباءو طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ محنت سے امتحان دیں تاکہ مستقبل میں مسائل کا مقابلہ آسانی سے کر سکیں ۔کمشنر نے گورنمنٹ بوائز ہائی سیکنڈری اسکول بھان سنگھ آباد کے دورے کے دوران ایک طالب علم کو نقل کرتے ہوئے پکڑکر کاپی کیس کرنے کی ہدایت کی اس دوران امتحانی مراکز کے ارد گرد نقل کرانے والے درجنوں افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ۔ کمشنر نے پولیس کو ہدایت کی کہ دفعہ 144کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔ڈی آئی جی میرپورخاص امین یوسف زئی ،ایس ایس پی جام ظفراللہ دھاریجو ،اے ایس پی سیٹلائیٹ ٹاون ساجد کھوکر اور دیگر متعلقہ افسران بھی کمشنر کے ہمراہ تھے۔

Latest from Blog