میرپور خاص (پی پی آئی) ایف آئی اے اور سوئی سدرن گیس کمپنی نے گیس چوری کرنے والے سی این جی پمپ پر چھاپہ مارا ، سی این جی پمپ سیل کر دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق میرپورخاص حیدر آباد روڈ بس ٹرمینل کے قریب واقع کرسٹل سی این جی پمپ پر ایف آئی اے اور سوئی سدرن گیس کی ٹیم نے مشترکہ چھاپہ ما رکر گیس چوری کرنے کے الزام میں پمپ کو سیل کر دیا ۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کے زونل منیجر کبیر علی لغاری نے پی پی آئی کو بتایا کہ مذکورہ سی این جی اسٹیشن نے ایک کمپریسر کی منظوری لے رکھی تھی جب کہ دوسرا کمپریسر غیر قانونی طور پر لگایا گیا تھا جس سے ماہانہ لاکھوں روپے کی گیس چوری کی جارہی تھی،گیس چوری کی اطلاع کمپنی نے ایف آئی اے کو دی جس پر ایف آئی اے کی ایک ٹیم نے انسپکٹر حبدار علی زرداری کی قیادت میں مذکورہ پمپ پر چھاپہ مار کر اسے سیل کر دیا جب کہ سی این جی پمپ کے مالک کے خلاف مزید کاروائی شروع کر دی گئی۔