مقبوضہ جموں وکشمیرمیں موسلادھار بارشوں سے دوبن کچہامہ ڈیم میں شگاف

سرینگر/مقبوضہ کشمیر(پی پی آئی) مقبوضہ جموں وکشمیرمیں موسلادھار بارشوں سے دوبن کچہامہ ڈیم میں شگاف پڑگیا ہے جس کے باعث شمریال،گنڈاجھنگر روڈ پرآمد و رفت منقطع ہوگئی۔بارہمولہ، پلوامہ، اسلام آباد اور وادی کشمیر کے دیگر اضلاع اور جموں خطے کے سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع میں بھی مرکزی اوررابطہ سڑکیں زیر آب آگئی ہیں۔ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں برف باری اور مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے تمام بڑی اور چھوٹی شاہراہیں بندہوجانے کے بعد وادی بھرمیں اسکول بند کر دیے ہیں اور کشمیر یونیورسٹی نے  تمام امتحانات ملتوی کر دیے ہیں۔سرینگر شہر اور وادی کشمیر کے دیگر نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہے۔ جہلم اور سندھ سمیت تمام دریا ؤں کے پانی کی سطح میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور دریاؤں اور پہاڑی ندی نالوں کے قریب رہنے والے لوگوں کو  محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔گزشتہ چار روز سے جاری شدید بارشوں کے باعث تین کمسن بچوں سمیت چار افراد جاں بحق اور 350سے زائد خاندان بے گھر ہو گئے۔سیلابی ریلوں اور مویشیوں کے شیڈ گرنے سے متعدد مویشی اور چار درجن سے زائد بھیڑیں ہلاک ہو گئیں۔

Latest from Blog