اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی کو کشمیری خواتین کی حالت زار پر بریفنگ دی گئی

جنیوا(پی پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کی رہنما اور کشمیری مندوب شمیم شال نے کشمیری خواتین اور لڑکیوں کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کے لیے خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کے بارے مین  یواین کی نمائندہ خصوصی سے ملاقات کی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے ایک اہم اجلاس کے موقع پر شمیم شال نے نمائندہ خصوصی کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ان گھناؤنے جرائم کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے فقدان اور کشمیری خواتین میں پائے جانے والے خوف ودہشت کو اجاگرکیا۔ حریت رہنما نے تعلیمی اداروں میں طاقت اور پیلٹ گن کے استعمال کی طرف بھی توجہ دلائی۔ انہوں نے نیم بیواؤں کی حالت زار کو بھی اجاگرکیا جن کے شوہروں کو قابض بھارتی فورسزنے تیس سال سے زائد عرصے سے لاپتہ کر دیا ہے اوروہ اپنے بچوں کو تعلیم دلانے سے بھی قاصر ہیں۔ شمیم شال نے نمائندہ خصوصی پر زور دیا کہ وہ مداخلت کریں اور کشمیری خواتین کو درپیش مشکلات کم کرانے میں اپناکردار ادا کریں۔نمائندہ خصوصی نے مسئلے کی سنگینی کا اعتراف کرتے ہوئے صورتحال سے آگاہ کرنے پر شمیم شال کا شکریہ ادا کیا۔

Latest from Blog