کراچی (پی پی آئی)ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے پر پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم اور قوم کو مبارکباد دی ہے، اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ اسپیشل افراد کے عالمی دن کے موقع پر یہ شاندار فتح پوری قوم کے لئے ایک تحفہ ہے، عالمی چیمپئن پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں جلد تقریب کا انعقاد کریں گے، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ ملتان میں کھیلے گئے بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران پاکستانی ٹیم کی کارکردگی مثالی رہی، پاکستانی کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں حریف ٹیموں کو مات دے کر شاندار فتح حاصل کی، ماضی میں بھی پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم عالمی سطح پر فتوحات حاصل کر کے اپنی برتری کو دنیا سے منوا چکی ہے اور یہ اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم کرکٹ کے کھیل سے محبت کرتی ہے اور ہر قسم کے تعصبات اور سیاست سے بالاتر ہو کر دنیا میں کسی بھی جگہ کرکٹ کھیلنے میں فخر محسوس کرتی ہے،آج جس طرح بلا ئنڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو کرکٹ کا عالمی چیمپئن بنا دیا ہے، انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کی تمام کرکٹ ٹیمیں عالمی کپ جیتیں گی اور پاکستان جلد اپنے ان قابل فخر سپوتوں کی بدولت دنیائے کرکٹ پر راج کرے گا۔