کراچی09جنوری (پی پی آئی) وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ جام صادق پل کو دسمبر 2025 میں مکمل ہونا ہے لیکن موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے کوشش کر رہے ہیں کہ پل مقررہ وقت سے 8 ماہ پہلے مکمل کیا جائے۔دو دن بعد پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ملیر ایکسپریس وے کا افتتاح کرنے جارہے ہیں، جبکہ کراچی میں جلد الیکٹرک ٹیکسی متعارف کرا رہے ہیں۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں منعقدہ ظہرانے سے تاجروں و صنعتکاروں سے خطاب میں کیا۔ تقریب میں کاٹی کے صدر جنید نقی، ڈپٹی پیٹرن ان چیف زبیر چھایا، کائیٹ لمیٹڈ کے سی ای او زاہد سعید، سینئر نائب صدر اعجاز احمد شیخ، نائب صدر سید طارق حسین، سابق چیئرمین و صدور دانش خان، احتشام الدین، شیخ فضل جلیل و دیگر ممبران موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یلو لائن پروجیکٹ کے آئندہ تمام اجلاسوں میں کاٹی کی نمائندگی اور تجاویز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ کراچی میں نئے اکنامک اور انڈسٹریل زون کی اشد ضرورت کا سندھ حکومت کو ادراک ہے انہوں نے وعدہ کیا کہ صدر آصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے درخواست کروں گا کہ انڈسٹریل زون کیلئے زمین فراہم کی جائے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے نوری آباد میں فیز 3 کا آغاز کردیا ہے اور حکومت مزید انڈسٹریل زون بنانے کیلئے کام کر رہی ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ اس وقت دھابے جی اکنامک زون بہترین اور آئیڈیل زون ہے، یہ واحد زون ہے جو سی پیک سے منسلک ہے۔ وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ سندھ نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف شرائط کے باعث ملک میں اب مزید اکنامک زون بنانے کی اجازت نہیں۔ صنعتکاروں کو چاہیے کہ وہ جلد از جلد وہاں انڈسٹری لگائیں کیونکہ وہاں انہیں مشینری امپورٹ کرنے پر ڈیوٹی کی چھوٹ اور 10 سال کے ٹیکس ہالی ڈے کی سہولت ہوگی۔شرجیل میمن نے مزید کہا کہ رواں سال کے اختتام تک کراچی میں ڈبل ڈیکر بسیں چلائی جائیں گی۔قبل ازیں کاٹی کے صدر جنید نقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے سے ملکی خزانے میں یومیہ 600 ملین روپے ٹیکس ادا کیا جاتا ہے، جبکہ مجموعی طور پر 30 ملین ڈالر کا ریونیو کورنگی سے جمع ہوتا ہے۔