سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ، فی تولہ نرخ 4 لاکھ 99 ہزار روپے سے تجاوز کر گیا

ڈینگان بھرگڑی میں ٹریکٹر ٹرالی گہرے گڑھے میں گرنے سے ڈرائیور جاں بحق

نصیرآباد میں دن دہاڑے ڈکیتی، تاجر کے بیٹے سے پانچ لاکھ روپے لوٹ لیے گئے، 2 ملزمان گرفتار

خوردنی تیل میں ٹرانس فیٹس کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات شروع، جامعہ کراچی میں سیمینار

گلستانِ جوہر میں شاہد شینواری ریسٹورنٹ پر چھاپہ، مضر صحت گوشت برآمد، ریسٹورنٹ سیل

نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پی ایس ایل 2026 سیکیورٹی انتظامات، آئی جی سندھ نے جائزہ لیا

تازہ ترین خبریں

اشتہار

تازہ ترین

تلاش کریں

سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ، فی تولہ نرخ 4 لاکھ 99 ہزار روپے سے تجاوز کر گیا

کراچی، 14 اپریل 2026:(پی پی آئی) ملک بھر میں سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد فی تولہ اور 10 گرام سونے کے نرخ نئی بلند سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے بتایا ہے کہ منگل کے روز فی تولہ سونے کی قیمت میں 4600 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد قیمت 4 لاکھ 99 ہزار 962 روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 3 ہزار 943 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 28 ہزار 636 روپے ہو گئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جہاں فی اونس سونا 46 ڈالر اضافے کے بعد 4776 ڈالر پر پہنچ گیا ہے۔ دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 24 قیراط چاندی فی تولہ 326 روپے اضافے کے بعد 8 ہزار 260 روپے ہو گئی ہے۔ 10گرام چاندی 279 روپے اضافے کے بعد 7 ہزار 81 روپے پر پہنچ گئی ہے جبکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں چاندی 77.76 ڈالر پر ٹریڈ کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں

ڈینگان بھرگڑی میں ٹریکٹر ٹرالی گہرے گڑھے میں گرنے سے ڈرائیور جاں بحق

کوٹ غلام محمد، 14 اپریل 2026: (پی پی آئی)کوٹ غلام محمد کے قریب گاوں ڈینگان بھرگڑی میں منگل کے روز بھوسے سے لدی ٹریکٹر ٹرالی گہرے گڑھے میں گرنے کے نتیجے میں ڈرائیور موقع پر جاں بحق ہو گیا، پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق حادثے میں 30 سالہ ڈرائیور روشن مگسی ٹریکٹر ٹرالی گہرے گڑھے میں گرنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والا ڈرائیور میرپورخاص کا رہائشی تھا۔ واقعے کے بعد متوفی کے ورثاء کو اطلاع دے دی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کیا جائے گا۔ کوٹ غلام محمد پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں

نصیرآباد میں دن دہاڑے ڈکیتی، تاجر کے بیٹے سے پانچ لاکھ روپے لوٹ لیے گئے، 2 ملزمان گرفتار

نصیرآباد، 14 اپریل 2026:(پی پی آئی) نصیرآباد میں دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات میں منگل کے روزفوڈ اینڈ گرین مرچنٹ ایسوسی ایشن کے تاجر وحید علی لوڈرو کے بیٹے سے مسلح افراد پانچ لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے، بعد ازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ تاجروں نے واقعے کے خلاف تھانے کے سامنے دھرنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو حراست میں لے لیا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ واقعے پر فوڈ اینڈ گرین مرچنٹ ایسوسی ایشن نصیرآباد اور شہری اتحاد نصیرآباد کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے معشوق علی پھلپوٹو، ابراہیم بھٹو، وسیم بھٹی، عاشق علی کلہوڑو، عبدالعزیز مگھری، دلداد ایری اور دیگر رہنماؤں کی قیادت میں جبکہ شہری اتحاد نصیرآباد کے صدر سینگار نوناری اور خدا بخش سانگھرو کی قیادت میں تھانے کے گیٹ کے سامنے دھرنا دیا۔ اس موقع پر رہنماؤں نے کہا کہ شہر میں بڑھتی ہوئی بدامنی تاجروں کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈکیتی میں ملوث تمام ملزمان کو فوری گرفتار کر کے لوٹی گئی رقم واپس کرائی جائے اور شہر میں امن و امان کو یقینی بنایا جائے۔ مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں

خوردنی تیل میں ٹرانس فیٹس کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات شروع، جامعہ کراچی میں سیمینار

کراچی، 14 اپریل 2026(پی پی آئی) جامعہ کراچی اور سندھ فوڈ اتھارٹی کے اشتراک سے پاکستان میں خوردنی تیل میں مضر صحت ٹرانس فیٹس کے حوالے سے سیمینار منعقد کیا گیا جس میں متعلقہ اداروں، ماہرین اور صنعت کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق سیمینار میں بناسپتی گھی بنانے والی کمپنیوں کے نمائندے، عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)، تمام صوبوں کی فوڈ اتھارٹیز کے نمائندگان، جامعہ کراچی کے شعبہ فوڈ سائنس کے ماہرین اور سندھ فوڈ اتھارٹی کے افسران شریک ہوئے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان نے کہا کہ کھانے کے تیل کو زیادہ محفوظ اور صحت مند بنانے کیلئے عملی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مضر صحت ٹرانس فیٹس دل کی بیماریوں کی بڑی وجہ ہیں اور حکومت ان کے خاتمے کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ صوبائی وزیر کے مطابق خوردنی تیل کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے لیبارٹری نظام کو مضبوط کیا جا رہا ہے جبکہ سندھ فوڈ اتھارٹی اور متعلقہ ادارے اس عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تیل بنانے والی صنعت کو محفوظ اور بہتر طریقہ کار فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔ مخدوم محبوب الزمان نے مزید کہا کہ صنعت کو نئے اصولوں پر عملدرآمد کیلئے رہنمائی اور سہولت دی جا رہی ہے جبکہ جامعہ کراچی اور نیوٹریشن انٹرنیشنل کا تعاون اس عمل میں قابل قدر ہے۔

مزید پڑھیں

گلستانِ جوہر میں شاہد شینواری ریسٹورنٹ پر چھاپہ، مضر صحت گوشت برآمد، ریسٹورنٹ سیل

کراچی، 14 اپریل 2026(پی پی آئی) صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان کی ہدایت پر سندھ فوڈ اتھارٹی نے گلستانِ جوہر میں کارروائی کرتے ہوئے شاہد شینواری ریسٹورنٹ سے بڑی مقدار میں مضر صحت گوشت برآمد کر کے ریسٹورنٹ سیل کر دیا جبکہ 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے گلستانِ جوہر میں واقع ریسٹورنٹ کا معائنہ کیا جہاں مختلف خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔ معائنے کے دوران فریزر کی غیر حفظانِ صحت حالت، کھلی اشیاء اور ناقص صفائی کی سنگین خلاف ورزیاں پائی گئیں۔ سندھ فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق موقع پر مضر صحت گوشت برآمد ہونے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ریسٹورنٹ کو سیل کیا گیا اور 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان نے کہا کہ عوام کو غیر معیاری خوراک فراہم کرنے والوں کے خلاف سندھ فوڈ اتھارٹی متحرک ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

مزید پڑھیں

نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پی ایس ایل 2026 سیکیورٹی انتظامات، آئی جی سندھ نے جائزہ لیا

کراچی، 14 اپریل 2026(پی پی آئی) آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری پی ایس ایل 2026 کے میچز کے دوران سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مجموعی سیکیورٹی حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز نے پی ایس ایل کے موقع پر اختیار کی گئی سیکیورٹی حکمت عملی اور لائحہ عمل پر جامع بریفنگ دی۔ اس موقع پر پی سی بی کے نمائندگان نے آئی جی سندھ کو پی ایس ایل کے انتظامات اور سیکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دورے کے دوران ایس ایس پی ایسٹ، کمانڈنٹ ایس ایس یو، ایس پی گلشن اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ آئی جی سندھ نے سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور افسران و اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسٹیڈیم کے داخلی و خارجی راستوں، پارکنگ ایریاز اور اطرافی علاقوں کی کڑی نگرانی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ آئی جی سندھ کے مطابق جدید نگرانی نظام، سرویلنس کیمروں اور سرچنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کوئیک رسپانس فورس اور ٹریفک مینجمنٹ کے انتظامات ہر سطح پر ہمہ وقت فعال اور الرٹ رکھے جائیں۔ آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ بڑے ایونٹس کے پُرامن انعقاد کے لیے تمام اداروں کے درمیان مربوط رابطہ ناگزیر ہے۔

مزید پڑھیں