سرکاری اراضی قبضہ کیس میں محمود  اچکزئی کے وارنٹ گرفتاری جاری

کوئٹہ(پی پی آئی) سرکاری اراضی قبضہ کیس میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے۔پی پی آئی کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ کوئٹہ نے محمودخان اچکزئی کی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔جوڈیشل مجسٹریٹ نے تھانہ گوالمنڈی کی ایف آئی آرنمبر 43، 2024 میں وارنٹ جاری کیے ہیں۔واضح رہے کہ 3 مارچ 2024 کو کوئٹہ انتظامیہ کی جانب سے پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا، جس کی پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے شدید مذمت کی تھی۔ کوئٹہ انتظامیہ کی جانب سے سرکاری ملکیتی اراضی کے ایک حصہ پر محمود خان اچکزئی کا غیرقانونی قبضہ ختم کرانے کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔پارٹی نے الزام عائد کیا تھا کہ یہ چھاپہ محمود اچکزئی کی رہائش گاہ پر مارا گیا اور یہ قومی اسمبلی میں محمود اچکزئی کی حالیہ تقریر پر ’ریاستی اداروں‘ کا ردعمل ہے۔تاہم کوئٹہ کے ڈپٹی کمشنر سعد اسد نے کہا تھا کہ یہ چھاپہ محمود اچکزئی کی رہائش گاہ کے قریب واقع زمین کا ایک حصہ دوبارہ حاصل کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔سعد اسد نے الزام عائد کیا تھا کہ اس زمینپر چار دیواری کھڑی کرکے اس پر محمود اچکزئی نے غیرقانونی طور پر قبضہ کر رکھا تھا۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے محمود اچکزئی کے گھر پر چھاپے کی مذمت کی تھی۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اس معاملے کی وجہ سے صدارتی الیکشن کو بلاوجہ متنازع کیا جارہا ہے، بلاول بھٹو نے محمود اچکزئی کے گھر پر مبینہ چھاپے کے خلاف کارروائی کرنے کی اپیل بھی کی تھی۔

Latest from Blog